یوم عاشورپر فرزندان اسلام کی بڑی تعداد نے قبرستانوں کا رخ کیا ، اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دی اور دعائے مغفرت کی
اسلام آباد،لاہور،کراچی ،پشاور،کوئٹہ (ویب نیوز)
ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت احترام کے ساتھ منایا گیا ،10 محرم الحرام کے ماتمی جلوس سخت حفاظتی انتظامات کے تحت روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مقررہ منزل پر پہنچ کر پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوگئے جبکہ مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم عاشور (10 محرم الحرام) مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا جس کا مقصد میدان کربلا میں سخت ترین مصائب کا سامنا کر نے کے باوجود حق اور سچ کا پرچم تھام کر اپنی اور اپنے رفقا کی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے نواسہ رسول ۖ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ و دیگر شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں سخت سکیورٹی میں ماتمی جلوس نکالے گئے جس میں عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کیا گیا۔ اس موقع پر علمائے کرام و ذاکرین اپنی تقاریر میں حضرت امام حسین کی عظیم اور روشن تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا گیا۔عاشورہ کے سلسلے میں ملک بھر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات مرتب کیے گئے اور متعدد علاقوں میں موبائل سروس معطل رہی۔لاہور میں یوم عاشور پر ذوالجناح کا مرکزی جلوس گذشتہ شب نثار حویلی سے برآمد ہوا، امام عالی مقام امام حسین اور ان کے رفقا کی عظیم قربانی کی یاد کو تازہ کرنے کیلئے عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ گردونواح کے علاقوں سمیت دیگر شہروں سے آنے والے لاکھوں کی تعداد میں ماتمی حضرات سینہ کوبی کرتے ہوئے خانوادہ رسولۖ کو تعزیت پیش کرتے رہے۔کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں اختتام پذیر ہوا ،آخر پرشام غریباں برپاکی گئی ۔ جلوس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ۔ سینٹرل کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے روٹ کی مانیٹرنگ کی جا تی رہی جبکہ پولیس اور رینجرز کے 7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ۔پشاور میں یوم عاشورکا مرکزی ماتمی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا ، شہر میں موبائل سروس جزوی طور پر معطل رہی۔ یوم عاشور کے موقع پر پشاور میں 12 جلوس برآمد ہونگے۔ ماتمی جلوسوں کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، جلوس کی گزرگاہوں کو بی ڈی یوکی مدد سے کلیئرکیا گیا جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس کی نگرانی بھی جاتی رہی۔ پولیس نے تمام اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ بازتعینات کئے تھے جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا۔کوئٹہ میں یوم عاشور کا جلوس امام بارگاہ سید آباد علمدارروڈ سے برآمد ہوا ،جلوس کی صدارت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر جواد رفیع نے کی ۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رضا کار سکیورٹی فورسز کے ہمراہ حفاظتی فرائض انجام د یتے رہے،جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی کی گئی۔پاک فوج کے دستے بھی سٹینڈ بائی پر تھے، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور مشیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کوئٹہ میں سنٹرل پولیس آفس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کر کے جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔عاشور ہ محرم کے جلوس کے موقع پر کوئٹہ میں موبائل فون سروس بند اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہی۔صوبے کے دیگر چھ اضلاع سبی، لورالائی، خضدار، بولان اور نصیر آباد میں بھی یوم عاشور کے جلوس نکالے گئے۔راول پنڈی میں مرکزی جلوس جامع مسجد روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے ساتھ موبائل فون سروس بھی معطل رہی۔ اس کے علاوہ روہڑی میں تاریخی نوڈھالا تعزیہ کا ماتمی جلوس نکالا گیا، رحیم یار خان میں چار سو سالہ عاشورہ کا روایتی جلوس نکالا گیا ،سکھر حیدر آباد، ،ملتان ،فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، بنوں ،ڈی آئی خان ،کوہاٹ ، پارا چنار،سکردو، استور اور گلگت سمیت کئی شہروں میں شبیہ علم و ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے۔آزاد کشمیر میں یوم عاشورہ کے 42 مقامات پر بڑے جلوس نکالے گئے۔ مظفرآباد میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری سے برآمد ہوا۔یوم عاشورپر فرزندان اسلام کی بڑی تعداد نے قبرستانوں کا رخ کیا ، اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دی اور دعائے مغفرت کی ۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ محرم الحرام کے پہلے 10 دنوں میں ایک بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔انہوں نے جلوسوں اور مجالس کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرنے پر سکیورٹی اداروں کی تعریف کی۔دریں اثناوزیراعظم کے دفتر سے جاری ٹوئٹر پیغام میں شہباز شریف نے پرامن یوم عاشورہ پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزارت داخلہ، صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ا نہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ یوم عاشور پرامن ماحول میں منعقد ہوا اور کوئی نا خوشگوار واقعہ نہیں ہوا،پولیس، رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے افسران اور جوانوں کو شاباش دیتا ہوں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دن رات سخت گرمی اور مشکل حالات میں عوام کے جان ومال کی حفاظت کرنے والی پولیس کو خاص طور پر شاباش دیتا ہوں۔