ملک بھر میں آج جشن عید میلاد النبیﷺ عقیدت واحترام سے منایا گیا

نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺْ کا جشن ولادت آج ملک کے طول وعرض میں جوش وجذبے اور عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا   ہے۔

 نبی آخر الزماں رحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا جشن ولادت آج ملک کے طول وعرض میں انتہائی جوش وجذبے اور عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا ۔ تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں، دیہاتوں، گلیوں محلوں، سرکاری اور نجی عمارتوں، مساجد اور بزرگان دین کے مزارت کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جب کہ بارھویں شب کوچہ کوچہ خوبصورت چراغاں کیا گیا۔

جشن ولادت رسول ﷺ کا آغاز آج جشن صبح بہاراں سے ہوا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد فضائیں درود وسلام سے گونج اٹھیں۔ آ شہر قائد سمیت لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، حیدرآباد، ملتان، جھنگ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ہر جگہ عاشقان رسول ﷺ جشن ولادت کی خوشی میں سینکڑوں کی تعداد میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی اور سیرت النبی ﷺ کے جلسے منعقد ہوں گے جس میں علمائے کرام اللہ کے اس کائنات پر سب سے بڑے احسان رسول نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ، کمال ومعجزات بیان کریں گے۔

لاہور میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پاک فوج کی جانب سے ایوب اسٹیڈیم میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد پاک فوج کے چاک وچوبند دستوں نے نعرہ تکبیر بلند کیا۔ جوانوں کی جانب سے ملکی سلامتی اور سر بلندی کی دعا کی گئی۔

کراچی میں جشن میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلسہ نشتر پارک مزار قائد پر ہوگا۔ شہر بھر سے بعد نماز جمعہ جلوس نکالے جائیں گے جو درود وسلام کے نذرانے پیش کرتے ہوئے مزار قائد کا رخ کریں گے۔

جشن ولادت رسول ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ مرکزی جلسے اور جلوسوں کی گزرگاہوں اور وہاں سے نکلنے والے راستوں کو کنٹینرز اور خار دار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس، رینجرز اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے ادارے اپنے ذمے داریاں انجام دے رہے ہیں۔

ہر شہر میں مختلف مذہبی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے جلوسوں کے شرکا کے لیے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں پانی اور شربت کی سبیلوں اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔