اسلام آباد (ویب نیوز)
ملک میں آٹے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ کراچی میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آٹے کی فی کلو قیمت 107روپے تک پہنچ گئی۔ کراچی میں آٹے کا 20کلو کا تھیلا 2140روپے تک پہنچ گیا ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافہ کی متعدد وجوہات ہیں جن میں سے گندم کی پیداوار کا مطوبہ ہدف پورا نہ ہونا اور حکومت کی جانب سے گندم بیرون ملک سے امپورٹ کرنے کا فیصلہ ہے، گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ، انتظامی ناکامی ، گندم کی طلب کے مطابق رسد نہ ہونا، گندم کی ریلیز بروقت نہ ہونا اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کی اہم وجوہات ہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق جہاں ملک میں مہنگائی کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے وہاں آٹے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں جہاں آٹے کا20کلو گرام کا تھیلا ریکارڈ2140روپے تک پہنچ گیا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مقابلہ میں کراچی کے شہری 100فیصد سے بھی زیادہ مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ کراچی کے شہری1160روپے تک پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مقابلہ میں 20کلوگرام آٹے کا تھیلا مہنگا خریدرہے ہیں۔ جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے مقابلہ میں بھی کراچی کے شہری 1160روپے تک آٹے کا20کلو گرام تھیلا مہنگا خرید نے پر مجبور ہیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کراچی میں آٹے کا20کلو گرام کا تھیلا180روپے مہنگا ہوا ہے جبکہ حیدرآباد140،کوئٹہ120جبکہ سکھر میں آٹے کے 20کلو گرام تھیلے کی قیمت میں 40روپے تک اضافہ ہوا، جبکہ لاڑکانہ میں ایک ہفتے میں آٹے کا 20کلو گرام کا تھیلا 20روپے تک مہنگا ہوا ہے۔