سب سے بات ہوسکتی ہے لیکن چوروں سے نہیں کروں گا، عمران خان
یہ اپنے امپائر ہونے کے باوجود نہیں جیت سکتے،ہمارے جلسے دیکھ کرالیکشن میں ہارنے کے خوف سے وکٹیں اٹھا کر لے گئے ہیں
چیلنج ہے جب بھی 9 حلقوں میں الیکشن ہو گا، تمام سیٹیں پی ٹی آئی جیتے گی، اب اسمبلی میں چلے جانے اور معاملات حل کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے
ہماری پارٹی کے لوگوں کو فون کرکے دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ عمران خان کا ساتھ نہ دو،چیئرمین پی ٹی آئی کا الزام
سارا دن عدالت میں گزارا، کیس پر بات نہیں کرونگا، جب تک عدالتیں انصاف نہیں دیں گی کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا
نوازشریف لندن میں بیٹھا کر کہتا ہے پہلے کیسزختم پھر این آر او لیکر واپس آئوں گا،ملتان میں جلسہ عام سے خطاب
ملتان( ویب نیوز)
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں سب سے بات کرنے کو تیار ہوں لیکن چوروں سے کبھی بات نہیں کروں گا، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان حقیقی طور پر آزاد ہو۔یہ اپنے امپائر ہونے کے باوجود نہیں جیت سکتے،ہمارے جلسے دیکھ کرالیکشن میں ہارنے کے خوف سے وکٹیں اٹھا کر لے گئے ہیں ۔ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہمارے ملک میں چھوٹے چور جیلوں میں جبکہ بڑے چور اہم عہدوں پر ہیں۔ ہماری پارٹی کے لوگوں کو فون کرکے دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ عمران خان کا ساتھ نہ دو، میڈیا کو بھی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ عمران خان نے کہا ہماری کوشش ہے ہم اپنے ملک کو آزاد کریں، ملک کے فیصلے یہیں پر ہوں، جب تک ہم اپنے پیروں پر کھڑے نہیں ہونگے ہماری عزت نہیں ہوگی، خوف کا بت انسان کو آگے بڑھنے سے روکتا ہے۔ عمران خان نے کہا یہ ہمارے جلسے دیکھ کر الیکشن سے بھاگ گئے ہیں، انکی کانپیں ٹانکنا شروع ہوگئی ہیں،ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن، انتظامیہ، مسٹرایکس کی مدد کے باوجود ان کا الیکشن میں صفایا ہو گیا، اب یہ ڈر رہے ہیں اگر اتوار کو الیکشن ہو جاتا تو ان کی تین وکٹیں مزید گر جانی تھیں،میرا چیلنج ہے جب بھی 9 حلقوں میں الیکشن ہو گا، تمام سیٹیں پی ٹی آئی جیتے گی، یہ اپنے امپائر ہونے کے باوجود نہیں جیت سکتے۔یہ ہارنے کے خوف سے وکٹیں اٹھا کر لے گئے ہیں۔انہوں نے کہا مجھے پورا یقین تھا ان لوگوں نے الیکشن سے بھاگنا ہے، جس طرح عوام جلسوں کیلئے نکل رہے ہیں انکو اندازہ ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا جب میں حکومت میں تھا تو مشورے دیے جاتے تھے کہ اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلوں اب کہا جارہا ہے اسمبلی میں چلے جاو اور معاملات حل کرو۔ انہوں نے کہا ان کی پوری کوشش ہے کہ کسی طرح عمران خان کو میچ سے آوٹ کا جائے۔عمران خان نے کہا میں 9 حلقوں سے ضمنی الیکشن لڑ رہا ہوں جہاں دھاندلی کے باوجود 9/0 رزلٹ آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ملتان کے جذبے اورجنون کوسلام پیش کرتا ہوں، خواتین کو بھی سلام پیش کرتا ہوں،مہر بانو قریشی کا مخالف امیدوار پیسے کی پوجا کرتا ہے،کبھی پیسے کی پوجا نہیں کرنی،آجکل میرے ایم پی ایز کو پارٹی چھوڑنے کے لیے دھمکیاں دی جارہی ہیں،اینکرز، صحافیوں کو ڈرایا جا رہا ہے، پیسے کے بت کے علاوہ ایک خوف کا بت بھی ہے،خوف کے بت سے ڈرنے والا کبھی بڑا کام نہیں کر سکتا، ہم نے رحمت اللعامین اتھارٹی بنائی تاکہ بچوں کو نبی کی زندگی بارے پتا چلے،مدینہ کی ریاست دنیا کا سب سے بڑا انقلاب تھا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ ہمیں حکم دیتا ہے کہ اپنے نبی ۖ کے راستے پر چلو، میری کوشش ہے ہم اپنے نبی ۖکے راستے پر چلیں، نبی ۖ کے راستے پر چل کر ہم ایک عظیم قوم بن سکتے ہیں،ہم نے حقیقی آزادی لیکر ملک کو آزاد کرنا ہے،زرداری، نوازشریف ملک کا پیسہ 30 سال سے لوٹ رہے ہیں،یہ وہ لوگ ہے جو بیرونی ملکوں کے حکم پر ہمارے فیصلے کرتے ہیں،یہ امریکی سازش کے تحت اقتدار میں آئے،یہ روس سے سستا تیل نہیں لے سکتے کیونکہ اپنے آقا سے ڈرتے ہیں۔پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کواپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہو گا، جب تک اپنے پائوں پر کھڑے نہیں ہوتے ہمارے پاسپورٹ کی عزت نہیں ہو گی، دو ماہ میں پاکستان کی معیشت نیچے جا رہی ہے، بجلی، ڈیزل کی قیمت دگنا ہو چکی ہے، کسان کا برا حال ہے، ملک میں انڈسٹری بند اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے، ہمارے دورمیں ریکارڈ ایکسپورٹ ہو رہی تھی، ہمارے دورمیں چار بڑی فصلوں کی تاریخی پیداوار ہوئی، ہماری حکومت میں کسانوں کو پہلی دفعہ پورا معاوضہ دیا گیا، ہماری حکومت نے ہر خاندان کو 10 لاکھ کی انشورنس دی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت سود کے بغیر قرض دے رہے تھے، ہمارے دورمیں ملک ترقی کر رہا تھا تب سازش کے تحت حکومت گرائی گئی، ہم نے ان سے اپنے آپ کو آزاد کرنا ہے، ضمنی الیکشن میں اپنی آنے والی نسل کو بچانے کے لیے ان کو شکست دینی ہے، آج سارا دن عدالت میں گزارا، کیس پر بات نہیں کرونگا، جب تک ملک میں قانون کی بالادستی نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرسکتا، جب تک عدالتیں انصاف نہیں دیں گی کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا، کفرکا نظام چل سکتا ہے لیکن ناانصافی کا نہیں۔26سال پہلے پارٹی بنائی تو انصاف کو منشورمیں شامل کیا، مجھے ابھی بھی مشورے دیئے جارہے ہیں اسمبلی میں چلے جائو ان کے ساتھ بیٹھ کرمعاملات طے کرو۔انہوں نے کہا کہ 2 خاندان 30 سال سے ملک لوٹ رہے ہیں،ہرکسی کے ساتھ بات کرنے کو تیار ہوں لیکن چوروں سے کبھی بات نہیں کروں گا، جب کوئی معاشرہ چوری کو برا نہ سمجھے وہ قوم اپنی قبر کھود دیتی ہے، چور نیب کی عدالت میں جاتے ہیں تو اس پر پھول پھینکے جاتے ہیں، اسی لیے اللہ نے امربالمعروف کا حکم دیا ہے برائی کے خلاف جہاد کرو اوراچھائی کا ساتھ دو، قرآن میں کہیں نہیں لکھا بدی کے ساتھ مفاہمت کرو ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کے قبضہ گروپوں کا مقابلہ کرنا ہے، یہ دو کرپٹ خاندان اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، ن لیگ نے ڈنڈے لیکر سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا، ایسا پاکستان میں کبھی نہیں ہوا تھا،نوازشریف کی حکومت میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا گیا تھا،ڈنڈے لیکر 1997 میں جسٹس سجاد علی شاہ کی عدالت پر حملہ کیا گیا،سابق چیف جسٹس سجادعلی شاہ جان بچا کرعدالت سے بھاگے،ان لوگوں پراس وقت کوئی ایکشن نہیں لیا گیا،ان چوروں کوہمارے اوپرمسلط کیا گیا،نوازشریف لندن بیٹھا ہے کہتا ہے پہلے کیسزختم پھراین آراولیکرآئوں گا،نوازشریف نے ملک کے اربوں روپے لوٹے،جب تک طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لاتے قوم آزاد نہیں ہوتی،ہرجگہ کمزورآدمی پرظلم ہورہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چار ماہ میں انہوں نے ہمیں دلدل میں پھنسادیا ہے،ایک کروڑ اوورسیز پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں،اوورسیزپاکستانی ہمیں بیرون ملک قرضوں سے آزادی دلا سکتے ہیں، اوورسیز پاکستانی ملک میں انصاف نہ ہونے کی وجہ سے انویسٹمنٹ نہیں کر رہے، بھارت میں ان کے امپائروں کے باوجود ان کو شکست دے کر آیا تھا۔ والد اگر ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ان کے سارے بچے تحریک انصاف کا ساتھ دیتے ہیں،قوم میں آج شعور آ گیا ہے،اب تو بوڑھے بھی فیصلہ کرچکے ان جماعتوں کا ساتھ نہیں دینا،یہ میچ سے بھاگ گئے ہیں جب بھی میدان میں آئیں گے ان کو پھینٹا لگانا ہے،عام انتخابات میں دوتہائی اکثریت دلوانی ہے تاکہ حقیقی آزادی کا انقلاب لاسکیں۔