سیلاب کی تباہ کاریاں اور فورسز کی عدم دستیابی،الیکشن کمیشن نے 13 حلقوں پر ضمنی انتخاب ملتوی کردیئے

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس،قومی ایمرجنسی کی صورتحال پیدا ہو گئی،ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ،بریفنگ

قومی اسمبلی کے گیارہ اور پنجاب اسمبلی کے دو حلقوں میں ضمنی انتخابات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد کیا جائے گا، الیکشن کمیشن

اسلام آباد(ویب  نیوز)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر میں تمام ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 11 اور پنجاب اسمبلی کے 2 حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی کردیئے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں اور سیکیورٹی فورسز کی عدم دستیابی کی وجہ سے پولنگ ملتوی کی گئی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق  الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں جمعرات کو منعقد ہوا، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کی درج ذیل حلقہ جات میں الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لیے شیڈول دیا ہوا ہے جس کے مطابق پولنگ 11 ستمبر، 25 ستمبر اور 2 اکتوبر 2022 کو ہو گی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ حالیہ تباہ کارشوں اور سیلاب سے سندھ، خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے ذرائع آمدورفت مخدوش ہو چکے ہیں، عمارات تباہ ہو گئی ہیں، ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہے، اور قومی ایمرجنسی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔اجلاس میں مشاورت کے بعدالیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 11 اور پنجاب اسمبلی کے 2 حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی کردیئے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں اور سیکیورٹی فورسز کی عدم دستیابی کی وجہ سے پولنگ ملتوی کی گئی۔جن حلقوں میں الیکشن ملتوی ہوئے ہیں ان میں این اے 157ملتان، پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 241 بہاولنگر، این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ، این اے 237 ملیر، این اے 239 کورنگی کراچی، این اے 246 کراچی، پی پی 209 خانیوال کے حلقے شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں ہوگا۔