سیلاب کی تباہ کاریاں،ملک بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد186ہو گئی

اب تک  85 مرد 47 خواتین اور54 بچے  جان کی باز ی ہار چکے،زخمی افرا د کی تعداد 181 تک پہنچ گئی

حکومت بلوچستان نے 9 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا، صوبے کے دیگر 9 اضلاع کے مختلف علاقے بھی آفت زدہ قرار،نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد،کوٹئہ( ویب  نیوز)سیلاب کی تباہ کاریاں،ملک بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد186ہو گئی،اب تک  85 مرد 47 خواتین اور54 بچے  جان کی باز ی ہار چکے،زخمی افرا د کی تعداد 181 تک پہنچ گئی، حکومت بلوچستان نے 9 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا،صوبے کے دیگر 9 اضلاع کے مختلف علاقے بھی آفت زدہ قرار، نوٹیفکیشن جاری۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی  نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے جان و مال نقصان سے متعلق تفصیلی رپورٹ جاری کردی ۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 10 افراد مزید جان کی باز ہار گئے ،حالیہ بارشوں کے حوالے سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق  ابتک 186 افراد جان کی باز ہار گئے، بلوچستان میں سب سے زیادہ افراد جان بحق ہوئے جن کی تعداد 69  تک پہنچ گئی، سندھ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 44 ریکارڈ کی گئی ہے۔  رپورٹ کے مطابق ملک بھر 14 جون سے جاری بارشوں کے باعث 85 مرد 47 خواتین جبکہ 54 بچے اب تک جان کی باز ی ہار گئے،زخمی ہونے والے افراد کی کل تعداد 181 تک پہنچ گئی ہے،جن میں پنجاب سے 26 ، گلگت بلتستان 8 اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد 4 ہے۔  زخمی ہونے والے 66 افراد کا تعلق پنجاب 40 افراد کا خیبرپختونخوا  سے ہے ، ملک میں بارشوں کے باعث 577 گھرتباہ ہوئے۔ جبکہ 933 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔  این ڈ ی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 14 سو سے زائد مویشیوں کا نقصان ہوا۔ دوسری جانب حکومت بلوچستان نے 9 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بارشوں سے ہونے والی تباہی کے باعث 9 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں جن اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے ان میں صحبت پور، پشین، گوادر، آواران، واشک، بارکھان، پنجگور، لسبیلہ اور قلعہ سیف اللہ شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن میں صوبے کے دیگر 9 اضلاع کے مختلف علاقے بھی آفت زدہ قرار دیے گئے ہیں۔