Px24-022 KOHAT: Apr24 – A worker sorting ballot boxes at the office of Election Commission of Pakistan, ahead of the 11 May general elections. ONLINE PHOTO

لاہور  (ویب نیوز)

پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ اتوار کو ہو گی ، تمام ترتیاریاں مکمل کر لی گئیں۔   پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم ختم ہو گئی، آخری روز مسلم لیگ ن، تحریک انصاف سمیت امیدواروں نے بھرپور مہم چلائی۔ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ آج ( اتوار کو) ہوگی، الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں،انتخابی مواد کی ترسیل مکمل کر لی گئی۔لاہور ملتان اور بھکر کے پولنگ سٹیشنز پر رینجرز تعینات ہو گی جبکہ حساس پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج کے جوان بھی تعینات ہوں گے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔پی پی 7 راولپنڈی، پی پی 83 خوشاب، پی پی 90 بھکر، فیصل آباد کے حلقہ پی پی 97، جھنگ میں 125،127 اور شیخوپورہ میں پی پی 140 پر ضمنی انتخاب ہوگا۔اس کے علاوہ لاہور کی نشست پی پی 158، 167، 168 اور پی پی 170 پر بھی ضمنی انتخاب ہوگا۔ساہیوال میں پی پی 202، پی پی 217 ملتان، لودھراں کے حلقہ پی پی 224 اور 228 پر بھی ووٹ ڈالے جائیں گے۔بہاولنگر میں پی پی 237 اور مظفرگڑھ کے حلقوں پی پی   272، 273 پر ضمنی انتخاب ہوگا۔لیکشن کمیشن کے مطابق 20 حلقوں کے ضمنی الیکشن میں 45 لاکھ 96 ہزار 873 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔اعداد و شمار کے مطابق ضمنی الیکشن کے ان حلقوں میں 9 ہزار 528 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے۔  پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 175 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق پی پی 158 لاہور میں سب سے زیادہ 14 امیدوار مدمقابل ہیں۔