موجودہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سمیت تمام چیلنجز کیخلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے،چینی وزیر خارجہ
وزیر خارجہ بلاول نے اقوام متحدہ کے منشور اور مقاصد کے تحت کثیر جہتی ، آزاد تجارت اور ترقی کے تناظر میں چین کے ساتھ کئی امور پر مل کر کام کرنے کو اجاگر کیا
نیویارک (ویب نیوز)
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چینی ہم منصب وانگ ای سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اقوام متحدہ سمیت باہمی شراکت داری اور دوطرفہ تعاون پر وسیع تناظر میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے اعلی سطح کے قریبی رابطوں کو جاری رکھنے اوردونوں ممالک کے درمیان دائمی سٹریٹیجک تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ نے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں پاکستان کی بھرپور حمایت اور مدد پر چین کی قیادت ، حکومت اور عوام کا بھرپور شکریہ ادا کیا جو کہ پاکستان اور چین کے درمیان آزمودہ ،سدابہار، سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کی حقیقی عکاسی تھی۔15 ستمبر کو سمر قند میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر شی جن پنگ کے درمیان سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے سٹرٹیجک تعاون کو مزید وسعت دینے ، باہمی مفادات اور خدشات میں ایک دوسرے کی بھرپور حمایت ، معاشی تعاون میں اضافے ، سی پیک میں تیزی سے پیشرفت کرنے اور دوطرفہ سیکورٹی تعاون مضبوط کرنے کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے منشور اور مقاصد کے تحت کثیر جہتی ، آزاد تجارت اور ترقی کے تناظر میں چین کے ساتھ کئی امور پر مل کر کام کرنے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بی آر آئی اور گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو(جی ڈی آئی)جیسے جامع اقدامات کے ذریعے عالمی سماجی و معاشی ترقی میں چین کی شراکت داری کو سراہا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا۔چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ موجودہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سمیت تمام چیلنجز کیخلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ پاکستان نے اپنے ملک میں کام کرنے والے چینی شہریوں اور اداروں کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔