پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان اور نویں اوور میں ہدف باآسانی پورا کر لیا، عمیمہ سہیل 31 رنز بنا کر نمایاں رہیں
عمیمہ سہیل نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،میچ میں طوبی حسن 2، ڈیانا بیگ اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی
ڈھاکہ (ویب نیوز)
ویمن ایشیا کپ میں پاکستانی ویمن ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کو 9وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کر لی۔ سلہٹ میں ملائیشیا ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 57 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے عمیمہ سہیل نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔میچ میں طوبی حسن 2، ڈیانا بیگ اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان اور نویں اوور میں ہدف باآسانی پورا کر لیا۔ عمیمہ سہیل 31 رنز بنا کر نمایاں رہیں، منیبہ علی نے 21 اور بسمہ معروف نے ناقابلِ شکست 8 رنز بنائے۔ملائیشیا کی جانب سے ماہرہ اسماعیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ویمن کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں میدان میں اتری۔ پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ویمنز ایشیا کپ-23 2022کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ بنگلہ دیش میں جاری ہے جس میں میزبان ٹیم کے علاوہ پاکستان، بھارت، ملائیشیا، تھائی لینڈ، سری لنکا اور متحدہ عرب امارت کی ٹیمیں شریک ہیں۔قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ 3 اکتوبر کو بنگلہ دیش، تیسرا میچ 6اکتوبر کو تھائی لینڈ، چوتھا میچ 7 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت، پانچواں میچ 9 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات جبکہ چھٹا اور آخری میچ 11 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔واضح رہے کہ 4ٹاپ ٹیموں کے مابین سیمی فائنل مقابلے 13 اکتوبر جبکہ فائنل 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔