فاسٹ بولر حسن علی دونوں سیریز سے باہر، فخر زمان، شاہنواز دھانی اور وکٹ کیپر محمد حارث کوریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا

انجرڈ شاہین آفریدی انگلینڈ کیخلاف سیریز کا حصہ نہیں  تاہم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، محمد وسیم کی بریفنگ

لاہور (ویب نیوز)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز اور ورلڈ ٹی 20 کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ ٹیم میں 15 کھلاڑی شامل ہیں جبکہ 3 ریزرو کھلاڑی بھی شامل کئے گئے ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اکتوبر میں ہونے والے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی اور رواں ماہ انگلینڈ کیخلاف 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ انگلینڈ کیخلاف 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کیلئے قومی ٹیم میں دو نئے کھلاڑی بھی شامل کیے گئے ہیں۔  جن دو نئے کھلاڑیوں کو 18 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے  ان میں  عامر جمال اور ابرار احمد ہیں۔ عامر جمال آل رائونڈر جبکہ ابرار احمد بیٹر ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے اب تک پاکستان کیلئے ڈیبیو نہیں کیا ہے۔  اس کے علاوہ 18 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم، شاداب خان، آصف علی، حیدر علی، حارث رئوف افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد حسنین، محمد رضوان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہنواز  دھانی، شان مسعود اور عثمان قادر شامل ہیں۔ انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے پاکستان ٹیم میں دو نئے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ واضح  رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 20 ستمبر کو   کھیلا جائے گای، شیڈول کے تحت دیگر میچز 22 ستمبر، 23 ستمبر، 25 ستمبر، 28 ستمبر ، 30 ستمبر اور  2 اکتوبر  کو کھیلے جائیں گے۔ شروع کے چار میچز کراچی جبکہ بقیہ تین میچز لاہور میں ہوں گے۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے بھی 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ فاسٹ بولر حسن علی انگلینڈ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی دونوں سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ فخر زمان، شاہنواز دھانی اور  وکٹ کیپر محمد حارث کو ٹریولنگ ریزرو کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ انجرڈ شاہین آفریدی انگلینڈ کیخلاف سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے البتہ انہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔