اسلام آباد (ویب نیوز)
گیارہ حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن مرکزی کنٹرول روم کو 15 شکایتیں موصول ہوئیں جبکہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد نے رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس کا نوٹس لیتے ہوئے فوری حلقہ بدر کرنے کا حکم دیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی میڈیا ٹاک کا نوٹس لے لیا ہے، ڈی ایم او فیصل آباد نے اس سلسلہ میں سی پی او کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ نے ووٹ کاسٹ کرکے پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں میڈیا ٹاک کی۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے حکم دیا ہے کہ رانا ثنا اللہ کو فوری طور پر حلقہ بدر کیا جائے۔ دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 11 صوبائی و قومی حلقوں کے الیکشن کے دوران مجموعی طور ماحول پرامن رہا، 3 صوبائی اور 8 قومی حلقوں کے ضمنی انتخاب میں پولنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد کو 15 شکایتیں موصول ہوئیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ زیادہ تر شکایات کارکنوں کے آپس کے تصادم اور معمولی نوعیت کے جھگڑوں سے متعلق تھیں، جن کو فوری طور پر حل کر دیا گیا ۔