ملتان (ویب نیوز)
ملتان میں نشتر اسپتال کی چھت پر لاشوں کی موجودگی کے معاملے کی انکوائری رپورٹ مکمل کر کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو ارسال کر دی گئی۔نشتر اسپتال میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔انکوائری رپورٹ میں لاشیں وصول کرنے اور چھت پر رکھنے والے اسپتال ملازمین کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ پولیس اسپتال سے 28 دن کے بعد لاشیں لے جانے کی ذمے دار ہے، پولیس یونین کونسل کے سیکریٹری کے ساتھ لاش کی تدفین کرے۔انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسپتال انتظامیہ اور پولیس لاشوں کی تدفین کے لیے رابطے میں رہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل نشتر اسپتال کی چھت سے لاشیں اور باقیات ملنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔وزیرِ اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے اس معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔