بھارت کو یو اے پی اے کا استعمال کم کرنا چاہئے، امریکی سفیر
جنیوا (ویب نیوز)
اقوام متحدہ کے رکن ممالک نے بھارت سے جنسی تشدد اور مذہبی تفریق کے خلاف سخت موقف اپنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے بھارت کے انسانی حقوق کے ریکارڈ پر تشویش کا اظہار کیا اور اذیت اور تشدد کنونشن کی توثیق کرنے کی بھی اپیل کی۔اقوام متحدہ میں گذشتہ روز بھارت میں انسانی حقوق کی صورت حال پر بحث ہوئی۔ اس دوران شرکا نے متنازع انسداد دہشت گردی قانون (یو اے پی اے) کے مبینہ غلط استعمال، مذہب کی بنیاد پر تفریقی سلوک، مسلمانوں کے ساتھ مبینہ زیادتی اور جنسی تشدد وغیرہ پر اظہار خیال کیا۔ رکن ممالک نے بھارت کو اپنے یہاں انسانی حقوق کی صورت حال کو بہتر بنانے کی بھی نصیحت کی۔بحث کے دوران بھارت سے اپیل کی گئی کہ وہ اذیت کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کنونشن کی توثیق کرے۔ بھارت نے اس کنونشن پر دستخط تو کردیے ہیں تاہم اس کی اب تک توثیق نہیں کی ہے۔ جنیوا میں ہونے والی یہ بحث اس جائزہ میٹنگ کا حصہ تھی جس سے اقوام متحدہ کے تمام 193 رکن ممالک کو ہر چار برس میں ایک مرتبہ گزرنا پڑتا ہے۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل میں امریکی سفیر مشیل ٹیلر نے کہا کہ بھارت کو یو اے پی اے کا استعمال کم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا، "ہم سفارش کرتے ہیں کہ یو اے پی اے اور اس طرح کے قوانین کا انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں اور اقلیتی فرقے کے افراد کے خلاف وسیع تر استعمال کو کم کیا جائے۔”انہوں نے مزید کہا،”بھارت میں قانونی تحفظ حاصل ہونے کے باوجود صنفی اور مذہبی بنیادوں پر تفریق اور تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔ انسداد دہشت گردی قوانین کے استعمال کی وجہ سے انسانی حقوق کے کارکنوں کو طویل عرصے تک حراست میں رکھا جا رہا ہے۔”خیال رہے کہ یو اے پی اے کی بھار ت میں بھی مسلسل مخالفت ہوتی رہی ہے۔ انسانی حقوق کے علمبرداروں کا کہنا ہے کہ حکومت اور پولیس اس قانون کا استعمال اذیت دینے کے لیے کر رہی ہے۔رواں برس اگست میں بھارت کے نائب وزیر داخلہ نتیہ نند رائے نے پارلیمان کو بتایا تھا کہ سن 2018 سے سن 2020 کے درمیان 4690 افراد کو یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیا گیا جب کہ صرف 149 افراد کو قصوروار پایا گیا۔ سن 2020 میں 1321 افراد کو اس قانون کے تحت گرفتار کیا گیا جب کہ صرف 80 افراد کو قصوروار پایا گیا۔ سب سے زیادہ گرفتاریاں اترپردیش میں ہوئیں، جہاں یوگی ادیتیہ ناتھ کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت ہے۔کینیڈا نے بھارت سے اپیل کی کہ جنسی تشدد کے تمام کیسز کی تفتیش کرائے اور مذہبی تشدد کے معاملات کی جانچ کرتے ہوئے "مسلمانوں سمیت” تمام فرقوں کی مذہبی آزادی کے حقوق کی حفاظت کرے۔برطانوی سفیر سائمن مینلے نے بھارت سے اپیل کی، "اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ بچہ مزدوری، بردہ فروشی اور بندھوا مزدوری کے خلاف موجودہ قوانین پر پوری طرح عمل درآمد ہو۔”چین نے بھارت کو انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے موثر طریقے اپنانے اور صنفی مساوات کو یقینی بنانے کی نصیحت کی۔نیپال نے بھی بھارت کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اسے "خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تفریق اور تشدد پر قابو پانے کے لیے اپنی کوششیں مستحکم کرنی چاہئیں۔”بھوٹان نے کہا کہ بھارت کو بچوں اور خواتین کے خلاف جنسی جرائم کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ جب کہ جرمنی نے کمزور طبقات کے حقوق کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔سعودی عرب نے بھارت میں نوزائیدہ اور زچہ کی شرح اموات کو کم کرنے کی نصیحت کی۔آسٹریلیا نے کہا کہ بھارت سے سزائے موت کو باضابطہ ختم کرنے کی اپیل کی۔سوئٹرزلینڈ نے بھارت میں انٹرنیٹ پر پابندی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اسے یہ یقینی بنانا چاہئے کہ "ہر ایک کے پاس سوشل نیٹ ورک تک رسائی ہو اور انٹرنیٹ کو بند کرنے یا اس کی رفتار کو سست کرنے کی کارروائیاں نہ ہوں۔”بھارت نے کہا کہ وہ انسانی حقوق کا دفاع کرنے والوں کے کردار کی تعریف کرتا ہے اور سزائے موت کا اطلاق صرف انتہائی نادراور غیر معمولی کیسز میں ہی کیا جاتا ہے،بھارت کی جانب سے جواب دیتے ہوئے سالسٹر جنرل توشار مہتہ کا کہنا تھا کہ بھارت کا آئین ہر ایک کو اظہار رائے کی آزادی دیتا ہے۔ انہوں نے تاہم کہا کہ "بولنے اور اظہار رائے کی آزادی مطلق نہیں ہوسکتی” اور بھارت کی سلامتی، اتحاد، سالمیت، خود مختاری اور غیرملکی تعلقات کے خاطر” اس پر منطقی پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔توشار مہتہ کا کہنا تھا کہ "منطقی بنیاد پر پابندیاں عائد کرنا اس امر کو یقینی بناتا ہے کہ جہاں بولنے اور اظہار رائے کی آزادی’نفرتی تقریر’میں بدل جائے وہاں حکومت اسے قابو میں کرسکے۔”انہوں نے کہا کہ بھارت اذیت کی کسی بھی شکل کی مذمت کرتا ہے۔ اور یک طرفہ گرفتاری، اذیت، ریپ، جنسی تشدد کی کسی بھی شکل کی مذمت کرتا ہے۔بحث میں حصہ لیتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے سکریٹری سنجے ورما نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی سفارشات کو حکومت کے سامنے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سرکار اپنے لوگوں کے انسانی حقوق کی حفاظت کے حوالے سے اپنے عہد پر قائم ہے۔سنجے ورما کا کہنا تھا،”دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے ناطے بھارت انسانی حقوق کے اعلی ترین میعار کے تئیں اپنے عہد پر قائم ہے۔