بھارتی حکومت نے سید علی گیلانی شہید کے سری نگر میں گھر کو قرق کرنے کی تیاری کر لی
سید علی گیلانی مرحوم کے گھر والوں کو  حیدر پورہ گھر خالی کرنے کے لیے نوٹس دیا گیا ہے، محمود احمد ساغر
یکم ستمبر2021  کو  سید علی گیلانی مرحوم  نے اسی گھر میں زندگی کی آخری سانس لی تھی

سری نگر(ویب نیوز  )

بھارتی حکومت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیرمیں سید علی گیلانی شہید کے سری نگر میں گھر کو قرق کرنے کی تیاری کر لی ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے  تصدیق کی ہے کہ سید علی گیلانی مرحوم کے گھر والوں کو گھر خالی کرنے کے لیے نوٹس دیا گیا ہے۔ یوم شہدائے جموں کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمود احمد ساغر نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے گھروں پر قبضے کررہا ہے، نئی دہلی کے تہاڑ جیل میں قید ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی  جموں وکشمیرکے چیرمین شبیر شاہ کے گھر پر قبضہ کردیا گیا ہے ۔ ادھر بھارتی اخبار کے مطابق  مقبوضہ کشمیر کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے)نے سید علی گیلانی مرحوم  کے سری نگر میں گھر کو قرق کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے۔ حیدر پورہ  میں واقع  گھر میں سید علی شاہ گیلانی تقریبا 35 سال سے مقیم تھے۔یکم ستمبر2021  کو  سید علی گیلانی مرحوم  نے اسی گھر میں زندگی کی آخری سانس لی تھی  وہ  اپنی زندگی کے آخری دس سال اس گھر میں نظر بند بھی رہے ۔ اخبار کے مطابق  جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر نے1988میں حیدر پورہ میں زمین لے کر علی گیلانی کو دی تھی  بعد میں انہوں نے  اس زمین پر  رہائشی یونٹ تعمیر کیا تھا۔