لاہور (ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سوموار کے روز پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن لاہور کا دورہ کیا۔صدر مملکت کو ادارے میں تعلیمی سرگرمیوں، کارکردگی اور مختلف شعبہ جات میں تعلیمی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔دورے کے دوران خاتون اول بیگم ثمینہ علوی بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھیں ۔
دورہ کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ورچوئل اور آن لائن پلیٹ فارمز کی مدد سے پاکستانی آرٹس، فیشن، ڈیزائن اور ٹیکسٹائل مصنوعات کو عالمی سطح پر پہچان اور پذیرائی دلائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعات فارغ التحصیل طلبا کی تعداد بڑھانے کے لئے آن لائن اور ورچوئل تعلیم پر توجہ دیں جس سے طلبا کو کم وقت میں معاشرے کا فعال فرد بنانے کے لئے شارٹ کورسز کی مدد لی جا سکتی ہے۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مختصر مدتی کورسز کے ذریعے سے تعلیم دی جا رہی ہے،دنیا میں مختلف شعبہ جات میں ایسوسی ایٹ ڈگری ہولڈرز اور سرٹیفیکیٹ ہولڈر افرادی قوت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعات طلبہ کی تعداد بڑھانے کے لئے آئوٹ آف باکس سوچ اور جدت پر مبنی طریقے اپنائیں،ترقی یافتہ ممالک کی جامعات میں بڑے پیمانے پر آن لائن تعلیم دی جا رہی ہے،آن لائن تعلیم کی مدد سے اخراجات کو کم کیا جا سکتا ہے، کم وقت میں زیادہ طلبہ کو ہنر مند بنایا جا سکتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ جامعات ورچوئل اور آن لائن پلیٹ فارمز پر اپنی موجودگی میں اضافہ کریں۔ صدر مملکت نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کے دورے کے دوران مختلف فیشن مصنوعات کی نمائش کا جائزہ بھی لیا۔