عدالت نے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کے ساتھ کیس نمٹا دیا
اسلام آباد (ویب نیوز)
سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کوپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دے دیا ۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔عدالت نے قراردیا ہے کہ لاہور اور سندھ ہائی کورٹس نے الیکشن کمیشن کو معاملے کی سماعت سے نہیں روکا، الیکشن کمیشن ،ہائی کورٹس کے فیصلے تک معاملہ کا حتمی فیصلہ جاری نہ کرے۔ ہائی کورٹس زیر التواء درخواستوں پر جلد سماعت مکمل کریں۔ ہائی کورٹس نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف کارروائی سے نہیں ، حتمی فیصلے سے روکا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان، اسد عم اور فواد چوہدری کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سجیل شہریارسواتی بطور وکیل پیش ہوئے۔ جبکہ عمران خان اوردیگر کی جانب سے انور منصور خان اور فیصل فرید چوہدری بطور وکیل پیش ہوئے۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کئے لیکن وہ پیش نہیں ہوتے۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو عمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹادیا۔ ZS