وزارت خارجہ اس سلسلے میں وزارت خزانہ اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مصروف عمل ہے
سفارت کار اور مشنز بیرون ملک پاکستان کی نمائندگی کرنے اور اپنے فرائض خوش اسلوبی سے سرانجام دینے کے لیے پرعزم ہیں
اسلام آباد (ویب نیوز)
بیرون ملک پاکستان کے سفارتی عملے کی تنخواہیں روکے جانے کے حوالے سے میڈیا میں زیر گردش افواہوں کی تصدیق یا تردید کیے بغیر ترجمان دفتر خارجہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی مشنز کو مناسب وسائل کی فراہمی اور ٹرانزیکشنز میں بعض اوقات تاخیر ہوجاتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بیرون ملک پاکستانی مشنز کو مناسب وسائل فراہم کرنے میں متعدد اقدامات اور ٹرانزیکشنز کا سلسلہ شامل ہوتا ہے جس میں بعض اوقات تاخیر ہوجاتی ہے، وزارت خارجہ اس سلسلے میں وزارت خزانہ اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مصروف عمل ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اس بات کو یقینی بنانا حکومتِ پاکستان کی پالیسی ہے کہ بیرون ملک پاکستانی مشنز کے امور ہموار انداز میں سرانجام دیے جاسکیں، حکومت کے تمام متعلقہ محکمے اس مقصد کے لیے پرعزم ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستانی سفارت کار اور مشنز بیرون ملک پاکستان کی نمائندگی کرنے اور اپنے فرائض خوش اسلوبی سے سرانجام دینے کے لیے پرعزم ہیں۔قبل ازیں میڈیا میں یہ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ بیرون ملک بیشتر پاکستانی سفارت خانوں میں موجود عملے کو تنخواہوں کی ادائیگی روک دی گئی ہے جس وجہ سے سفارتی عملے کو معمول کے سفارتی امور نمٹانے اور اخراجات پورے کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔