اسلام اباد( ویب نیوز )
سپریم کورٹ نے نان کسٹم پیڈ گاڑی سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر کسٹم حکام کے بغیر تیاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس کو طلب کر لیا ہے۔ معاملہ کی آئندہ سماعت بدھ 4 جنوری کو ہو گی۔ کیس کی سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ بغیر تیاری کے افسران عدالت کیوں آتے ہیں؟گاڑی کسٹم کے پاس ہے یا ریلیز ہوگئی کسی کو پتہ ہی نہیں، یہ نان کسٹم گاڑیاں ملک میں میں آ تی کیسے ہیں،کیا کوئی گاڑیوں کو جیب میں رکھ کر لے آتا ہے،اسلام آباد میں کسٹم کا سب سے بڑا افسر کون ہوتا ہے۔کسٹم کے وکیل نے اس موقع پر عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں ڈی جی کسٹم بڑا عہدہ ہے،اس حوالے سے عدالت جو حکم کرے گی اس پر عمل کریں گے۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں لفظ ڈی جی آجائے اس سے تو اللہ بچائے،سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرکے احسان نہیں کریں گے،آئینی طور پر سب سپریم کورٹ کے حکم کے پابند ہیں،میں شکر گزار ہوں گا اگر آپ یا اپکے افسران سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کریں گے۔بعد ازاں عدالت عظمی نے ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس کو طلب کرتے ہوئے معاملہ کی سماعت ایک دن کے لئے ملتوی کر دی ہے۔