عمران خان نے پارٹی ارکان کو عام انتخابات کی تیاری کی ہدایت کردی
پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے بعد الیکشن کے لیے جائیں گے
اعتماد کا ووٹ عدالتی فیصلے سے مشروط کیا جائے،قانونی ماہرین کی عمران خان کو رائے
اعتماد کے ووٹ کیلئے گورنر کے حکم کی کوئی آئینی حیثیت نہیں، اگرعدالتی فیصلے سے قبل اعتماد کا ووٹ لیتے ہیں تو گورنر کا آرڈر آئینی ہوجائے گا
امپورٹڈ ٹولے کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے،چئیرمین تحریک انصاف کا پنجاب کے وزا ء سے خطاب
لاہور( ویب نیوز) چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی ارکان کو آئندہ کے عام انتخابات کی تیاری کی ہدایت کردی، اتوار کو ان کی زیر صدارت پنجاب کے صوبائی وزرا کا اہم ترین اجلاس ہوا۔اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ اور اگلے الیکشن کے حوالے سے تیاریوں کی ہدایت کی گئی۔جاری بیان کے مطابق اس موقع پرعمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ ٹولے کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے -سازشی ٹولہ اسلام آباد کے بعد کراچی کے بلدیاتی الیکشن سے بھی بھاگنے کی کوشش کر رہا ہے – عمران خان نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ عوام نے انہیں مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے – پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے بعد ہم الیکشن کے لیے عوام کے پاس جائیں گے -،ملک کے مسائل کا حل نئے الیکشن اور عوامی مینڈیٹ سے آنے والی حکومت ہی دے سکتی ہے
پاکستان تحریک انصاف نے 9 جنوری کو پنجاب اسمبلی اجلاس میں اعتماد کاووٹ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی لیڈر نے اجلاس میں اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے کوئی ہدایت جاری نہیں کی۔عمران خان کو قانونی ماہرین نے رائے دی ہے کہ اعتماد کا ووٹ عدالتی فیصلے سے مشروط کیا جائے۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کے لیے گورنر کے حکم کی کوئی آئینی حیثیت نہیں، اگرعدالتی فیصلے سے قبل اعتماد کا ووٹ لیتے ہیں تو گورنر کا آرڈر آئینی ہوجائے گا۔پی ٹی آئی کی رکن صوبائی اسمبلی زینب عمیر نے کہا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے تمام پہلوئوں پر مشاورت جاری ہے۔