اسلام آباد (ویب نیوز)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 25 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت بحال کردی ،سنیٹ کے 4 جبکہ قومی اسمبلی کے 21 ارکان کی رکنیت بحال کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے سالانہ مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانے پر اراکین کی رکنیت بحال کی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سنیٹر احمد خان، سنیٹر انوار الحق کاکڑ کی رکنیت بحال کی گئی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی رکنیت بھی بحال کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے نور عالم خان، رضا ربانی کھر، سید باسط احمد سلطان کی رکنیت بھی بحال کردی ہے، اسی طرح سالانہ مالیاتی گوشوارے جمع کرانے پر شزہ فاطمہ خواجہ، مسرت آصف خواجہ اور شاہدہ رحمانی کی رکنیت بھی بحال کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ روز مالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے پر 271 اراکین قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کی رکنیت معطل کر دی تھی۔