اسلام آباد (ویب نیوز)
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بندرگاہوں پر پھنسے درآمدی کنٹینرز کی کلیئرنس تفصیلات طلب کر لیں۔ یہ پیش رفت کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد کے ساتھ ملاقات کے نتیجہ میں سامنے آئی ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق تاجروں کی جانب سے گورنر اسٹیٹ بینک سے شکایت کی تھی کہ ان کے کروڑوں اوراربوں روپے کے درآمدی مال کے کنٹینرز بندرگاہوں پر پھنسے ہوئے ہیں اوراس کی وجہ سے خام مال اور اجناس کی بھی ملک میں کمی ہورہی ہے۔ سٹیٹ بینک نے کراچی چیمبر سے کہا ہے کہ وہ تما م تفصیلات سٹیٹ بینک کو فراہم کرے کہ کس شعبہ کے کتنے کنٹینر پھنسے ہیں۔ کراچی چیمبر نے تمام شعبوں کے تاجروں، صنعتکاروں اور امپورٹرز سے کہا ہے کہ وہ اپنی تمام تفصیلا ت کراچی چیمبر میں جمع کروائیں ۔ یہ تفصیلات سٹیٹ بینک کو فراہم کی جائیں گی اور پھر سٹیٹ بینک اس بات کا تعین کرے گا کہ کون سے شعبہ کے کنٹینرز کو پہلے کلیئر کیا جائے گا۔