- حکومت نے نظر ثانی شدہ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان بھی آئی ایم ایف کو دے دیا
- فیصلے کے تحت بجلی کی قیمت میں آئندہ ماہ 3 روپے ،مئی میں 70 پیسے فی یونٹ مزید اضافہ کیا جائے گا
- نئے مالی سال کے پہلے مہینے تک بجلی 6 روپے فی یونٹ مہنگی ہوگی
- 300یونٹ تک سبسڈی کی تجویز ختم ، صرف 100یونٹ تک غریب صارفین کو سبسڈی فراہم کی جائے ، آئی ایم ایف
- گردشی قرض میں 952ارب روپے کو ایڈجسٹ کیا جائے گا ، صارفین کو ملنے والی 675 ارب روپے کی سبسڈی بھی ختم ہوگی
اسلام آباد (ویب نیوز)
آئی ایم ایف نے پاکستان سے کہا ہے کہ بجلی اور گیس سیکٹر میں چار ہزار ارب سے زائد گردشی قرضہ ختم کیا جائے، جبکہ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط قبول کرتے ہوئے بجلی مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان توانائی کے شعبے پر مذاکرات ہوئے جس میں حکومت نے نظر ثانی شدہ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان بھی آئی ایم ایف کو دے دیا۔فیصلے کے تحت بجلی کی قیمت میں آئندہ ماہ 3 روپے فی یونٹ اضافہ ہوگا اور مئی میں 70 پیسے فی یونٹ مزید اضافہ کیا جائے گا جبکہ نئے مالی سال کے پہلے مہینے تک بجلی 6 روپے فی یونٹ مہنگی ہوگی۔آئی ایم ایف نے 300یونٹ تک سبسڈی کی تجویز ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ صرف 100یونٹ تک غریب صارفین کو سبسڈی فراہم کی جائے۔ بجلی کی قیمت میں اضافے سے 200ارب روپے ریونیو حاصل کیا جائے گا۔آئی ایم ایف نے 4100ارب روپے کا گردشی قرضہ بھی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، گردشی قرض میں 952ارب روپے کو ایڈجسٹ کیا جائے گا جبکہ صارفین کو ملنے والی 675 ارب روپے کی سبسڈی بھی ختم ہوگی۔بجلی کے شعبے میں گردشی قرضہ 2500ارب روپے ہے جبکہ گیس کے سیکٹر کا گردشی قرضہ 1600ارب تک پہنچ چکا ہے۔واضح رہے کہ وزارتِ خزانہ نے 7 سے 10 روپے فی یونٹ تک اضافے کی تجویز دی تھی۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں جاری ہے جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے منی بجٹ، انفورسمنٹ اور انتظامی اقدامات سے متعلق جائزہ لیا جا رہا ہے۔ غیر ضروری ٹیکس چھوٹ ختم کرنے اور نان فائلرز کے لیے وڈ ہولڈنگ ٹیکس کی شرح بڑھانے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔