لاہور (ویب نیوز)
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں عام انتخابات کی درخواست پر الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کو نوٹس جاری کردئیے ۔لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کے حوالے سے دائر متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 فروری کو جواب طلب کرلیا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے بدنیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقوں کا ضمنی شیڈول جاری کردیا۔ عام انتخابات کا شیڈول جاری نہ ہونے سے حلقے کے ووٹرز کااستحقاق مجروح ہورہا ہے۔ اسمبلیوں کی تحلیل کے90 دن میں انتخابات کرانا آئینی تقاضا ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے باوجود انتخابی شیڈول جاری نہ کرکے آئین سے انحراف کررہا ہے۔ صاف و شفاف انتخابات کیلئے انتخابی شیڈول کااجرا ء جمہوری اساس ہے۔آئین کے آرٹیکل 105 کے برعکس گورنر بدنیتی کی بنا پر انتخابی شیڈول جاری نہیں کررہا۔ عدالت الیکشن کمیشن کو پنجاب کے لیے انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دے۔