اسلام آباد (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق گورنر پنجاب انجینئر میاں محمد بلیغ الرحمان سے درخواست کی ہے کہ صوبہ میں جنرل انتخابا ت صوبائی اسمبلی پنجاب کی تاریخ سے متعلق مشاورت کے لئے آج (منگل)کو الیکشن کمیشن کا وفد ملاقات کریگا ۔ اس سلسلے میں ضروری مراسلہ جاری کر دیا گیا ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ،سوموار کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس  چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹرسکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران  الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں عدالت عالیہ لاہورہائیکورٹ لاہور کے فیصلہ  مورخہ 10فروری 2023کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پر عملدآمد پر غور کیا گیا ۔الیکشن کمیشن نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں سپیشل سیکرٹری ا ور ڈائریکٹر جنرل ) لائ)کو مقرر کیا ہے کہ وہ  الیکشن کمیشن کی طرف سے گورنر سے مشاورت کریں اور الیکشن کمیشن کو بریف کریں تاکہ الیکشن کمیشن آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرے۔