قاتلانہ حملہ: جے آئی ٹی رپورٹ میں ردو بدل کیا جا رہا ہے، عمران خان
کسی کے ذہن میں اب بھی کوئی ابہام باقی ہے توجے آئی ٹی رپورٹ کا حال دیکھ لے۔چیرمین پی ٹی آئی کا ٹویٹرپیغام
لاہور( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کی جے آئی ٹی رپورٹ میں ردو بدل کیا جا رہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ اگر کسی کے ذہن میں اب بھی کوئی ابہام باقی ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کا ذمہ دار کون تھا تو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرائی جانے والی جے آئی ٹی رپورٹ کا حال دیکھ لے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اس رپورٹ کے مندرجات میں جان بوجھ کر رد و بدل کے ذریعے اب جے آئی ٹی کی تحقیقات و نتائج پر پانی پھیرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ایک آزادانہ انکوائری کے بعد 4 افسران کو شواہد تباہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل نے ان کیخلاف کارروائی کی سفارش کی مگر طاقتور قوتوں نے سید خرم علی کو کنویئنر بنوا کر ان چاروں افسران کو جے آئی ٹی میں شامل کرانے کیلئے پنجاب کی نگران حکومت سے جے آئی ٹی کی تشکیلِ نو کرائی ہے