لاہور (ویب نیوز)
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچا ،بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔لاہور کے علاقے گڑھی شاہو، مال روڈ، ڈیوس روڈ، فیروز پور روڈ، شالیمار، باغبانپورہ، گوالمنڈی، گلشن راوی اور سمن آباد میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔سانگلہ ہل میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ، نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔قصور میں بھی بادل جم کر برسے اور ژالہ باری ہوئی جس کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے اور متعدد علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہوتے ہی گرمی کا زور توڑ گیا اور موسم ٹھنڈا ہوگیا جبکہ بارش شروع ہوتے ہی شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی بھی کھڑا ہوگیا۔بہاولنگر،میانوالی،، بھکر، پاکپتن،وہاڑی ،راجن پور،پتوکی سمیت کئی علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی۔ تلہ گنگ اور بھکر میں ژالہ باری سے گندم، چنے، سبزیوں سمیت کئی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ۔تلہ گنگ میں شدید ژالہ باری سے متعدد کچے گھروں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔