اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستانی سیلولر کمپنی، یوفون 4Gاورسماعت سے محروم افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے سماجی ادارے، کنیکٹ ہیئر (ConnectHear) نے سماعت سے محروم افراد کی سماجی و اقتصادی عمل میں شرکت کے فروغ اور بہتر رسائی کے لیے باہمی اشتراک قائم کرلیا ہے ۔ گروپ ڈائریکٹر پی آر، میڈیا،سی ایس آر اور کارپوریٹ کمیونی کیشن، پی ٹی سی ایل و یوفون 4G ، عامر پاشا اور سی ٹی اوو شریک بانی ،کنیکٹ ہیئر، ا رحم اشتیاق نے اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط کیے۔
یوفون 4G ایک سماجی طور پر ذمہ دار ادارہ ہے جو معاشرے میں سماجی و معاشی مواقع تک یکساں رسائی کے فروغ کے لیے ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنی مہارت کو بروئے کار لاتا ہے، جبکہ 2017 میں قائم ہونے والا ادارہ،کنیکٹ ہیئر سماعت سے محروم افراد کو سائن لینگویج یعنی اشاروں کی زبان میں آزادانہ رابطہ اور معلومات کی سہولت فراہم کرتا ہے۔کنیکٹ ہیئر کے ساتھ اشتراک کے تحت یوفون 4G سماعت سے محروم افراد کو کنیکٹ ہیئر کی ڈیجیٹل ایپ تک مفت ڈیٹا کی رسائی دے گا تاکہ ان افراد کو رابطے کے لیے اشاروں کی زبان کے مترجمین تک بروقت اور فاصلاتی رسائی دی جاسکے۔ یوفون 4G استعمال کرنے والے سماعت سے محروم افراد ملک بھر میں کہیں سے بھی نہایت آسانی سے رابطے کی سہولت سے استفادہ کرسکیں گے۔
گروپ ڈائریکٹر پی آر، میڈیا، سی ایس آر اور کارپوریٹ کمیونی کیشن ، پی ٹی سی ایل و یوفون 4G، عامر پاشا نے کہا کہ پاکستان کی چھے فیصد سے زائد آبادی خصوصی افراد پر مشتمل ہے جسے ملکی سماجی و معاشی نظام میں شامل کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہم سماعت سے محروم افراد کو بات چیت اور رابطے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کنیکٹ ہیئر کے ساتھ اشتراک پر بہت خوش ہیں کیونکہ یہ منصوبہ یوفون 4Gکے یکساں شمولیت کے ادارہ جاتی فلسفے سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے، جس کے تحت ہم برابری اور مشترکہ ترقی کے فروغ کے لیے مسلسل کوشاں ہیں کیونکہ یوفون 4G کا ماننا ہے کہ تم ہی تو ہو!
مفت ڈیٹا تک رسائی کے علاوہ، یوفون 4G ایسے خصوصی ڈیٹا پیکجز بھی متعارف کرائے گا جو سماعت سے محروم طبقات کی سہولت کے لیے کالز کی بجائے زیادہ ایم بیز اور ٹیکسٹ میسجز فراہم کریں گے ، تاکہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق زیادہ سے زیادہ ویڈیو کالز کرسکیں۔ اس کے علاوہ ، متعلقہ فرنچائزز اور سروس سینٹرز میں یوفون 4Gکے عملے کو کنیکٹ ہیئر کے ذریعہ آگاہی اور اشاروں کی زبان کی بنیادی تربیت دی جائے گی تاکہ سماعت سے محروم لوگوں کے ساتھ درست اور موثر طریقے سےرابطہ قائم کیا جاسکے۔
کنیکٹ ہیئر کی سی ای او، عظیمہ دھنجی نے اس موقع پر کہا کہ کنیکٹ ہیئر یوفون کے ساتھ شراکت داری پر انتہائی خوش ہے کیونکہ یہ ایک تکثیریت پسند اور قابل رسائی معاشرے کی تشکیل کی جانب ہمارے سفر میں ایک بڑا قدم ہے۔ سماعت سے محروم افراد انتہائی باصلاحیت ہوتے ہیں، جنہیں خصوصی تعلیم و تربیت کے ذریعے بااختیار بنا کر ملکی تعمیر کے عمل میں شامل کیا جانا چاہئے۔
یوفون 4G اور کنیکٹ ہیئر سائن لینگویج میں خصوصی آگاہی سیشنز اور ویڈیوز کے ذریعے سماعت سے محروم افراد کو یو پیسہ اور اس کی خدمات کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے تاکہ اس خصوصی کمیونٹی کو مالی خود مختاری کے ذریعے مزید بااختیار بنایا جاسکے۔ یاد رہے کہ کنیکٹ ہیئر کے ساتھ یوفون 4G کا اشتراک ، ادارے کے ساتھ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جو پاکستان میں سماجی بااختیاری کے فروغ میں ایک قابلِ تقلید اقدام ہے ۔