لاہور (ویب نیوز)
- پی ٹی آئی کارکنوں نے زمان پارک کا کنٹرول پھر سنبھال لیا،پولیس گاڑی پرحملہ، اے ایس آئی سمیت 4اہلکار زخمی
- کارکنوں نے نہر کنارے لگا حفاظتی جنگلہ بھی توڑ دیا، میڈیا نمائندگان سے بھی بدتمیزی کرتے رہے
- پولیس نے لاٹھی چارج ،60 سے زائد پی ٹی آئی کارکن گرفتار ،حکومت کا ملزمان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس کی گاڑی پر حملہ کردیا ،اے ایس آئی سمیت 4اہلکار زخمی ہو گئے،حکومت پنجاب نے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ۔پولیس آپریشن کے بعد پاکستان تحریک انصاف کارکنوں نے ایک بار پھر زمان پارک کا کنٹرول سنبھال لیا، کارکنوں کی جانب سے سکیورٹی بیرئرز بھی دوبارہ بنانے شروع کر دیئے گئے۔تحریک انصاف کے مشتعل کارکنوں نے رات گئے زمان پارک کے باہر پولیس کی گاڑی پر حملہ کر دیا، مشتعل کارکنوں نے ڈنڈوں اور پتھروں سے سرکاری گاڑی پر دھاوا بولا، پی ٹی آئی کارکنوں نے نہر کنارے لگا حفاظتی جنگلہ بھی توڑ دیا،اے ایس آئی علی فرقان سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور 60 سے زائد پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی کارکن میڈیا نمائندگان سے بھی بدتمیزی کرتے رہے۔
- زمان پارک سے گرفتار3 طلباء والدین کے حوالے
- پولیس نے کمسن لڑکوں کے روشن مستقبل کیلئے ان کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا
- والدین نے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے لاہور پولیس کے اقدام کوسراہا
زمان پارک سے حراست میں لئے گئے تین کمسن لڑکوں کو پولیس نے والدین کے حوالے کردیا ۔ پولیس نے کمسن لڑکوں کے روشن مستقبل کے لئے ان کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس نے بچوں کو والدین کا سہارابننے کی نصیحت کی ہے جبکہ بچوں نے بھی تعلیمی سرگرمیوں کی طرف توجہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ والدین نے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے لاہور پولیس کے اقدام کوسراہاہے۔ تینوں گرفتار نوجوان طالب علموں کو ورثاء کے حوالہ کردیا گیا ہے۔ پولیس نے بچوں کو تمام غیرقانونی سرگرمیوں سے دوررہنے کی تلقین کی ہے۔ ڈی جی انویسٹی گیشن نے کہا ہے کہ دیگر گرفتار بچوں کو بھی نصیحت کی جارہی ہے اورانہیں بھی رہا کردیا جائے گا۔