اسلام آباد(ویب نیوز)
سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او) نے حال ہی میں پاکستانی سائیکلسٹ ثاقب رحمن کے ملتان سے مکہ مکرمہ تک روڈ بائیک پر سفر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں مکمل معاونت کی ہے، اس سلسلے میں ایس سی او ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں پاکستان کے پرعزم سائیکلسٹ کو اپنے عظیم سفر کیلئے ایک روڈ بائیک تحفہ کے طور پر دی گئی۔ اس موقع پر ثاقب رحمن نے کہا کہ ایس سی او کے اس اقدام سے نہ صرف ایک صحتمند، ماحول دوست اور سستے ذریعہ سفر کے طور پر سائیکلنگ کے فوائد کے متعلق آگاہی و شعور کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ دوسروں کو بھی اپنے خواب پورے کرنے کیلئے ترغیب ملے گی۔
واضح رہے کہ ثاقب رحمن کی جانب سے روڈ بائیک پر اہداف حاصل کرنے کا یہ پہلا موقع نہیں ہے بلکہ اس سے قبل وہ نومبر 2018 میں اپنی بائیک پر تین مہینے کے ایک پرخطر سفر کے بعد 21000فٹ بلند کے ٹو بیس کیمپ پر پہنچنے والے دنیا کا پہلا سائیکلسٹ ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ اب ثاقب نے ملتان سے مکہ تک ایران، شارجہ اور متحدہ عرب امارات کے راستے عازم سفر ہونے کا عزم کیا ہے جس کے بارے میں اسے امید ہے کہ وہ تقریباََ ساٹھ دنوں میں اپنی روڈ بائیک کے ذریعے منزل پر پہنچ جائے گا اور بیت اللہ شریف میں عمرہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل کرے گا۔
آپ ثاقب رحمن کے اس پرجوش سفر کو سوشل میڈیا پر (ٹویٹر @hq_sco، فیس بک @officialHQSCO، اور انسٹا گرام @sco_pk) ہیش ٹیگ #cycletoMakkah استعمال کرتے ہوئے پرعزم نوجوان کے اس چیلنجنگ سفر کی تصاویر اور اپ ڈیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔
اسپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن اپنے معاشرے اور عوام میں مثبت رجحانات کو پروان چڑھانے کیلئے پرعزم نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور آگے بڑھانے میں مدد دینے پر یقین رکھتی ہے۔ ثاقب رحمن کے اس عظیم سفر کیلئے روڈ بائیک کا تحفہ دیتے ہوئے ایس سی او کو توقع ہے کہ وہ نہ صرف اس کے ذریعے اپنے خواب کو پورا کرے گا بلکہ اس سے دوسروں کو بھی ترغیب ملے گی کہ وہ اس طرح کی مثبت اور صحتمندانہ سرگرمیوں کو فروغ دیں۔