سرکاری سطح پر فیول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی ،الیکٹرک بائیک ہی خریدی جائیںگی ،پنجاب میں پہلی بار انوائرمینٹل لیب قائم کی جائے گی

سموگ، ہفتے کے روز تعلیمی ادارے اور دفاتر بندرہیں گے،ہفتے کے روز مارکیٹیں 3بجے کے بعد کھلیں گی:محسن نقوی

مصنوعی بار ش برسانے کے لئے بہائو الدین ذکریا یونیورسٹی ملتان او رپنجاب یونیورسٹی کے ماہرین سے فوری رابطہ کیاگیاہے

بیجنگ میں سموگ کا خاتمہ کرنیوالی چینی ماہرین کی ٹیم کو مشاورت کیلئے لاہور آنے کی دعوت دی ہے، ایک اور خصوصی ٹیکنیکل ٹیم بدھ کو الماتا روانہ ہوگی

30دن میں چنگ چی رکشوں کی فری رجسٹریشن ، غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشوں اورغیر معیاری فیول فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون ہوگا

کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لئے جدید مشینری دیں گے تا کہ آئندہ سالو ںمیں ہم ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہ سکیں

کسی کے روز گار کو متاثر نہیں کرنا چاہتے،سموگ کے خاتمے کیلئے تاجر برادری تعاون کرے، کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس

لاہور (ویب  نیوز)

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاہے کہ سموگ کی صورتحال کے پیش نظر کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سموگ کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیاکہ ہفتے کے روز تعلیمی ادارے ،سرکاری اورنجی دفاتر بندرہیں گے اور ہفتے کے روز مارکیٹیں دوپہر 3بجے کے بعد کھلیں گی ۔وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لاہور میں 12مقامات پر سموگ میں کمی کے لئے سموگ ائیر فلٹر آئیونائزر یونٹس لگائے جائیںگے ۔سموگ پر قابو پانے کے لئے اعلیٰ اختیاراتی انوائر مینٹل کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے ۔مصنوعی بار ش برسانے کے لئے بہائو الدین ذکریا یونیورسٹی ملتان او رپنجاب یونیورسٹی کے ماہرین سے فوری رابطہ کر لیا گیا ۔ بیجنگ میں سموگ کا خاتمہ کرنے والی چینی ماہرین کی ٹیم کو مشاورت کے لئے لاہور آنے کی دعوت دی ہے ۔چینی قونصل جنرل کے تعاون سے چینی ماہرین کی مشاورت سے سموگ پرقابو پانے کے لئے ریسرچ او رٹیکنالوجی استعمال میں لائیں گے ۔ سموگ میں کمی کے لئے پنجاب حکومت کی ایک اور خصوصی ٹیکنیکل ٹیم بدھ کو الماتا روانہ ہوگی ۔30دن میں چنگ چی رکشوں کی فری رجسٹریشن کی جائے گی او رپھر غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشوں کے خلاف کریک ڈائون ہوگا ۔سرکاری سطح پر فیول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگائی جارہی ہے ،اب الیکٹرک بائیک ہی خریدی جائیںگی۔ پنجاب میں پہلی بار انوائرمینٹل لیب قائم کی جائے گی ۔لاہور سمیت تمام اضلاع میں غیر معیاری فیول کی چیکنگ تیز کر دیاہے۔ محکمہ پولیس اور ٹرانسپورٹ کو غیر معیاری پٹرول فروخت کرنے والے پمپس کے خلاف کریک ڈائون کاحکم دے دیاہے ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان میں 10فیصد فصلوں کی باقیات کوجلایا جاتا ہے جبکہ انڈیا 90فیصد فصلوں کی باقیات جلاتا ہے۔ انڈیا میں باقیات جلانے کی روک تھام پر کوئی کنٹرول نہیںجس کا ہم پربرا اثر پڑرہاہے۔سموگ پورے ریجن میں تکلیف کا باعث ہے اور بڑھتی جارہی ہے۔کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے لئے جدید مشینری دیں گے تا کہ آئندہ سالو ںمیں ہم ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہ سکیں۔چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ٹیم کسانو ںکے لئے جدید مشینری کا تعین کرے گی۔بینکوںکے ساتھ ملکر کسانوں کے لئے جدیدمشینری خریدیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ لاہو رمیں کابینہ کی منظوری کے بعد فوری طورپر 12 ائیرفلٹر آئیونائزر لگائے جائیںگے ۔ائیر آئیونائزر لگانے سے ہوا میں ماحولیات آلودگی کم او رمعیار بہتر ہوگا۔ ائیر آئیونائزر ٹیکنالوجی دنیا کے کئی ممالک میں ماحول کی بہتری کے لئے کامیابی سے استعمال کی جارہی ہے ۔ ماحولیات کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اعلی اختیاراتی کمیشن قائم کیا جا رہا ہے۔ اعلیٰ اختیاراتی انوائر مینٹل کمیشن ماحولیاتی آلودگی کی جنگ لڑے گا۔انہوں نے کہاکہ مصنوعی بارش کے لئے اقدامات کافیصلہ کرنے کے لئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔بہائو الدین ذکریا یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی ، سپارکو اور دیگر وفاقی اداروں سے مصنوعی بارش کے لئے مشاورت کی جارہی ہے۔ لاہور سمیت ماحولیاتی آلودگی کا شکار دیگر علاقوں میں بھی مصنوعی بارش کااہتمام کیاجائے گا۔ بہائوالدین ذکریا یونیورسٹی ، پنجاب یونیورسٹی کے ماہرین کومشاورت کے لئے مدعو کیاگیا ہے۔ ماہرین سے مشاورت کے بعد مصنوعی بارش کے لئے فوری اور ضروری اقدامات کئے جائیںگے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ماحولیات کی بہتری کے لئے انوائرمینٹل لیب قائم کریں گے۔ سموگ کے خاتمے کے لئے چینی قونصلیٹ کے ذریعے چینی ماہرین سے رابطہ بھی کیاگیاہے۔ بیجنگ میں سموگ کا خاتمہ کرنے والی ٹیم کو پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ہے۔ اعلی سطح کی ٹیکنیکل ٹیم کو سٹڈی کے لئے الماتا بھیجا جا رہاہے۔ پنجاب میں بہت جلد الیکٹرک بائیک پالیسی بھی متعارف کرائی جائے گی۔ سموگ سے متاثرہ علاقوں میں ہر پٹرول پمپ پر فیول کی کوالٹی چیک کی جائے گی۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈائون جاری ہے۔ پولیس نے اب تک 4لاکھ19ہزار چالان کئے او ر دھواں چھوڑنے والی80ہزار گاڑیاں بند کیں۔محکمہ ماحولیات نے 3495 انڈسٹری یونٹ سیل،2ہزار سے زائد ایف آئی آر درج او ر22کروڑ روپے جرمانہ کیا ۔ پولیس انسداد سموگ مہم میں 21کروڑ روپے اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ 4کروڑ روپے جرمانہ عائد کرچکاہے۔ پولیس، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ،ماحولیات، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے انسداد سموگ کریک ڈائون جاری رکھیں گے۔ پنجاب بھر میں 30 دن چنگ چی رکشے کی مفت رجسٹریشن کی جائے گی، سپیشل کائونٹر قائم ہوںگے۔ ایک ماہ کے بعد غیر رجسٹرڈ شدہ چنگ چی رکشے کو سڑکوںپر نہیں آنے دیاجائے گا۔ چنگ چی رکشے کا نہ کوئی فٹنس سرٹیفکیٹ ہوتا ہے اور نہ اسے کسی طرح چیک کیاجاتاہے۔ پنجاب بھر میں 95فیصد سے زائدچنگ چی رکشے بغیر رجسٹریشن چلائے جارہے ہیں۔ کابینہ سے منظوری کے بعد فری رجسٹریشن ہوگی اور اس کے بعد سخت کریک ڈائون کیا جائے گا۔ ایل ڈبلیو ایم سی او رپی ایچ اے لاہور میں روزانہ 400کلو میٹر سڑکوں پر چھڑکائو کر رہے ہیں۔ سموگ کے خاتمے کے لئے تمام ممکنہ کاوشیں کی جارہی ہیں۔ کسی کے روز گار کو متاثر نہیں کرنا چاہتے،سموگ کے خاتمے کے لئے تاجر برادری تعاون کرے۔ ہوا کے رخ کی وجہ سے سموگ بڑھ سکتی ہے او ربارش کاامکان بھی نہیں۔ سب ملکر سموگ کے خاتمے کے لئے کوشش کریں، عوام بھی اپنا کردار ادا کریں