اسلام آباد (ویب نیوز)
ریگولر حج سکیم کے تحت درخواست جمع کرانے کی تاریخ میں 2 اپریل تک توسیع کردی گئی۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق نامزد بینک ہفتہ اور اتوار کو حج درخواستوں کی وصولی کیلئے کھلے رہیں گے۔ نامزد بینک کھولنے کی اجازت حاصل کرنے کیلئے سٹیٹ بینک سے رابطہ کر لیا ۔ترجمان کے مطابق سپانسر شپ حج سکیم میں درخواستیں وصول کرنے کے لئے آخری تاریخ میں توسیع کردی گئی جس کے بعد درخواستیں 9 اپریل کو جمع کرائی جا سکیں گی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو رقوم بھجوانے میں مشکلات کے بعد توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق حج درخواست گزار مزید معلومات اور پروسس کے لئے نامزد بینکوں سے رجوع کریں۔ سپانسر شپ حج سکیم کے درخواست گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا جائے گا۔سپانسر شپ سکیم کے تحت بھیجی گئی درخواستوں کے لیے رقوم وزارت مذہبی امور کے ڈالر اکائونٹ میں بذریعہ ٹی ٹی وائر ٹرانسفر بھیجنا ہوں گی۔ بھجوائی گئی رقوم کی تصدیق اور پراسیس کیلئے درخواست گذار یا قریبی عزیز بینک سے رابطہ رکھیں۔