- ہم نے ہمیشہ سپریم کورٹ کے فیصلے مانے ہیں، آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، پی ڈی ایم اور ہمارا کوئی موازنہ نہیں، صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو
اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کو ہدایت کی ہے کہ اگر حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں، اگر دوبارہ وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو بات کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 14 مئی کو بھی الیکشن نہیں ہوتے تو آئین ٹوٹ جائیگا، اگر آئین ٹوٹ گیا تو پھر جس کا بھی زور ہوگا اسی کی بات چلے گی۔ جنرل باجوہ نے چوروں کا ٹولہ مسلط کیا ہے۔ ہم 12 ماہ سے لگے ہیں الیکشن کے لیے، مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ مذاکرات میں ابھی تک انہوں نے کوئی آفر نہیں کی۔ آڈیو لیک سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ آڈیو ریکارڈنگ جو کر سکتے وہی کر رہے ہوں گے۔ باجوہ خود کہتا کہ عمران خان خطرناک ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ سپریم کورٹ کے فیصلے مانے ہیں، ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، پی ڈی ایم اور ہمارا کوئی موازنہ نہیں، میں پہلے دن سے کہہ رہا تھا کہ الیکشن کی تاریخ پر مذاکرات کر سکتا ہوں۔عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کی موجودگی میں کہا کہ ان دونوں کو کہہ رہا ہوں اگر حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں، اگر وہ دوبارہ وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو بات کرنیکی کوئی ضرورت نہیں، اب بال حکومت کے کورٹ میں ہے، ایک دن الیکشن کرانے ہیں تو کرائیں، پارلیمنٹ نہیں آئین سپریم ہوتا ہے۔جنرل (ر)باجوہ اور کشمیر سے متعلق حامد میر کے بیان پر عمران خان نے کہا کہ مجھے اس سے بھی زیادہ چیزیں پتہ ہیں مگر یہ نیشنل سکیورٹی کا مسئلہ ہے،میں نہیں چاہتا کہ کوئی انٹرنیشنل خبر بن جائے اور ملک کا نقصان ہو۔