اسلام آباد (این این آئی)
کابینہ اراکین نے کہاہے کہ لاک ڈاؤ ن کا فائدہ ہورہاہے، عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کر نے کیلئے موثر مہم چلانا ہوگی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خود ریلیف اقدامات کی نگرانی کر رہا ہوں۔ غریب اور دیہاڑی دار طبقے کو سہولیات دینے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں ہوگی۔ صوبوں کے ساتھ تعاون بڑھایا جائے۔ ضروری صنعتوں کو کھولنے سے لوگوں کا روزگار بحال ہوگا۔ کابینہ میں وہی رہے گا جو کارکردگی دکھائے گا۔
منگل کو وزیراعظم۔عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کو کرونا وائرس کے کیسز پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کو بتایا گیا کہ ٹیسٹنگ صلاحیت میں اضافے کی وجہ سے بھی کیسز بڑھ رہے ہیں۔ لاک ڈاؤن کا فائدہ ہوریا ہے تاہم عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے موثر مہم چلانا ہوگی۔
ذرائع کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا صورتحال کے تناظر میں ریلیف اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا، میں خود ریلیف اقدامات کی نگرانی کر رہا ہوں۔ غریب اور دیہاڑی دار طبقے کو سہولیات دینے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق گھر گھر راشن پہنچانے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ صوبوں کے ساتھ تعاون بڑھایا جائے،ضروری صنعتوں کو کھولنے سے لوگوں کا روزگار بحال ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں چینی اور اٹا بحران کی انکوائری رپورٹ پر بحث ہوئی، بعض وزراء نے رائے دی کہ جب انکوائری کمیٹی کو کمیشن میں تبدیل کردیا گیا تو کمیشن کی رپورٹ کا انتظار کیا جاتا۔وزیراعظم نے جواب دیاکہ میری ہدایت پر انکوائری کمیٹی کی رپورٹس جاری کی گئیں،عوام سے رپورٹس پبلک کرنے کا وعدہ پورا کردیا۔عمران خان نے کہاکہ 25 اپریل کو کمیشن۔کی رپورٹ سامنے آنے پر سخت ایکشن لوں گا،جو بھی ملوث ہوا سخت سزا دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اور پنجاب کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ آٹا چینی بحران کے زمہ داروں کا تعین کمیشن کرے گا۔وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ کابینہ ہو یا میری انتظامی ٹیم،بہتری کیلئے پر قدم اٹھایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ میں وہی رہے گا جو کارکردگی دکھائے گا۔ذرائع کے مطابق کابینہ میں ردوبدل کے اقدام پر اکثریت نے وزیراعظم کو سراہا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ شروع دن سے کہہ رہا ہوں کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،گڈ گورننس اور شفافیت کو یقینی تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کچھی کینال منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات نیب کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی، نیب کچھی کینال منصوبہ میں کرپشن کرنے والوں کی نشاندہی اور رقم وصولی کیلئے اقدامات کرے گا،وفاقی کابینہ نے متروکہ املاک وقف بورڈ کی شہری علاقوں میں عمارات کو تعلیم صحت اور رفاہ عامہ کے لیے استعمال کرنے سے متعلق سفارشات کی منظوری دے دی۔