اسلام آباد (این این آئی)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ڈاکٹرز، طبی عملے اور قانون نافذ کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

منگل کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کورکمانڈرز نے متعلقہ ہیڈکوارٹرز سے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ترجمان پاک فوج ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق کورکمانڈرزکانفرنس میں جیواسٹریٹجک، علاقائی اور قومی سلامتی کے امورکا جائزہ لیا گیا۔کانفرنس میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی اور سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے ملک بھرمیں پاک فوج کے جوانوں کی تعیناتی کابھی جائزہ لیاگیا۔

اس موقع پر شرکاء نے وبا کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹروں، طبی عملے اور ہیلتھ کیئر اسٹاف سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے بھارتی بربریت کے سائے میں وبا سے لڑنے والے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھی خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے تمام کورکمانڈرز کو سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے ضروری وسائل کی فراہمی میں اضافے کی ہدایت کی۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ وبا کے خلاف ہر شہری کا کردار اہم ہے، متحرک نوجوانوں کے ساتھ بہادر قوم وبا کے مقابلے کے لیے تیار ہے، انشاء اللہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم مزید مضبوط قوم بن کر نکلیں گے۔آرمی چیف نے کورکمانڈر کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان،آزاد کشمیر، سندھ اور بلوچستان کے دوردراز علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے اور ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔