- دورہ بھارت میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کئی مواقع پر یواین قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیرکے حل پرزوردیا، ممتاززہرہ بلوچ
اسلام آباد (ویب نیوز)
ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے وزیرخارجہ بلاول بھٹو کے خیالات کو تشدد کے خطرے سے جوڑنا انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے۔ وزیرخارجہ کی بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں جی 20 اجلاس بلانے پر مبینہ دھمکی کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان ممتاززہرہ بلوچ نے کہا کہ وزارت خارجہ مقبوضہ کشمیرجی 20 ٹورازم ورکنگ گروپ اجلاس پر پاکستانی موقف واضح کرچکی ہے۔ ممتاززہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ دورہ بھارت میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کئی مواقع پر یواین قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیرکے حل پرزوردیا۔ بلاول بھٹو کے خیالات کو تشدد کے خطرے سے جوڑنا انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے، یہ تنازعات کو عالمی قراردادوں کے مطابق بات چیت سے حل کے موقف سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ ریاستوں کیدرمیان حساس معاملات پررپورٹنگ کرتے وقت صحافتی اصولوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔