عمران خان نے میئر کراچی کے لیے حافظ نعیم الرحمن کی حمایت کا اعلان کردیا
لیاقت بلوچ کے ہمراہ زمان پارک میں عمران خان سے میئر کراچی کے امیدوارکی ملاقات حمایت پراظہار تشکر
پی ٹی آئی کے تمام چیئرمین کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے میئر کے انتخاب میں حافظ نعیم الرحمن کو ووٹ دیں۔ عمران خان کی ہدایت
ملاقات میں پی ٹی آئی کے چیئرمین اور دیگر منتخب بلدیاتی نمائندوں کو سندھ حکومت جانب سے ہراساں کرنے کی مذمت
لاہور(ویب نیوز)
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کراچی کے میئر کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوارحافظ نعیم الرحمن کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ کراچی کی تعمیر و ترقی ،شہر کی حالت بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے میئر کراچی کے انتخابات میں حافظ نعیم الرحمن کو ووٹ دیں ۔یہ اعلان انہوں نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ اور امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے جمعرات کو اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کے دوران کیا۔لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمن نے پی ٹی آئی کی جانب سے جماعت اسلامی کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے کراچی میں پی ٹی آئی کے چیئرمین اور دیگر منتخب بلدیاتی نمائندوں کو سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کی جانب سے فسطائی ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے ہراساں کرنے ،گرفتار یوں اور وفاداری تبدیل کرانے کے لیے دباؤ ڈالنے کی مذمت کی اور کہاکہ یہ عمل انتہائی غیر جمہوری اور جمہوری حقوق اور آزادیوں کے خلاف ہے ۔پیپلزپارٹی صوبائی حکومت کو یہ سلسلہ فی الفور بند کرنا چاہیے .