اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلامی نظریاتی کونسل نے خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانے کی مشروط اجازت دے دی۔اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کے مطابق فقہ جعفریہ، مالکی اور شافعی کے مطابق شریعت میں بغیر محرم کے خاتون کے حج کی گنجائش موجود ہے۔ترجمان اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ محرم کے بغیر خاتون کے لیے حج کی گنجائش بعض شرائط سے مشروط ہے۔اسلامی نظریاتی کونسل کے ترجمان نے بتایا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے خواتین کے محرم کے بغیر حج کے معاملے پر کونسل سے رائے طلب کی تھی۔ترجمان اسلامی نظریاتی کونسل نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ وہ عورت بغیر محرم حج کے لئے جا سکتی ہے جس کے والدین یا شوہر اجازت دیں۔اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فقہ حنفیہ اور فقہ حنبلی کے مطابق محرم میسر نہ ہونے پر عورت پر حج فرض نہیں۔اسلامی نظریاتی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ ایسی عورت جسے قابل اعتماد خواتین کی رفاقت حاصل ہو حج پر جا سکتی ہے۔ترجمان اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق وہ عورت جسے سفر اور دوران حج کسی فساد یا خطرے کا اندیشہ نہ ہو بغیر محرم حج کے لئے جا سکتی ہے، ایسی عورت جس گروپ کے ہمراہ حج پر جائے اس کے بارے میں وزارت مذہبی امور چھان بین کرے۔اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ گروپ ممبران کے بارے میں اطمینان کر لینے کے بعد ہی کسی عورت کو بغیر محرم حج پر جانے کی اجازت دی جائے۔