مقبوضہ پونچھ میں محاصرے اور تلاشی کارروائی میں 2 کشمیری نوجوان شہید
24گھنٹوں میں فوجی آپریشنز میں شہید کشمیری نوجوانوں کی تعداد 4 ہو گئی
پونچھ ، راجوری اور کپواڑہ میں محاصرے کے دوران بھارتی فورسز کی کارروائی
ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ ، مینڈھر میں دفعہ 144 ، پابندیاں نافذ
سری نگر(ویب نیوز )
بھارتی فورسز نے پیر کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں محاصرے اور تلاشی کارروائی میں 2 کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے۔ کے پی آئی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھارتی فوجی آپریشنز میں شہید کشمیری نوجوانوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے ۔ ایک نوجوان کو ضلع پونچھ کے علاقے دیگوار تروان، دوسرے کو راجوری کے کنڈھا خواص علاقے اور تیسرے کو کپواڑہ کے ٹنگڈار علاقے میں شہید کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے پیر کی صبح ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے دیگوار تروان میں آپریشن شروع کیا۔ دوران محاصرے بھارتی فورسز نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔پونچھ میں فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے تلاشی آپریشن جاری ہے۔
ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ ، مینڈھر میں دفعہ 144 ، پابندیاں نافذ
مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔انتظامیہ نے مینڈھر میں دفعہ 144 کے تحت پابندیاں نافذ کر دی ہیں جو اگلے احکامات تک نافذ رہیں گی۔حکمنامے میںکہا گیا کہ عوام کی آزادانہ نقل و حرکت پر پابندی عائد ہے اور تمام تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے، کسی بھی قسم کے عوامی جلسوں یا ریلیوں کے انعقاد پر مکمل پابندی ہوگی۔علاقے میں بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کی بھاری تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ موبائل انٹرنیٹ سروس کی معطلی کی بھی اطلاعات ہیں۔بھارتی فورسز نے قصبے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں۔
جنوبی کشمیر سے گرفتار کشمیری نوجوا ن فردوس احمد اتر پردیش منتقل
جنوبی کشمیر سے گرفتار کر کے اترپردیش منتقل کیے گئے نوجوان فردوس احمد کا14 روزہ پولیس ریمانڈ منظور حاصل کر لیا گیا ہے لکھنو میں یوپی اے ٹی ایس نے فردوس احمد کو جمعرات کو جموں و کشمیر کے اننت ناگ سے گرفتار کیا تھا، جسے ٹرانزٹ ریمانڈ پر اترپردیش لایا گیا تھا۔ اے ٹی ایس نے لکھنو کی ایک خصوصی عدالت میں پیش کیا۔ اے ٹی ایس کی درخواست پر عدالت نے 14 روزہ پولیس ریمانڈ منظور کر لیا یو پی اے ٹی ایس کا الزام ہے کہ فردوس حزب المجاہدین پیر پنچال تنظیم سے وابستہ ایک عسکریت پسند ہے