پی ٹی آئی کور کمیٹی نے عمران خان کو تاحیات پارٹی چیئرمین مقررکردیا
ممکنہ انتخابی التوا کی بھرپور قانونی و سیاسی مزاحمت کا فیصلہ
انتخابی نشان بلے سے محروم کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کا اعلان
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے اعلامیہ
اسلام آباد( ویب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے پارٹی کے بانی عمران خان کو تحریک انصاف کا تاحیات چیئرمین بنانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں لیگل ٹیم کی جانب سے توشہ خانہ فیصلے کے خلاف اپیل پر شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور پی ٹی آئی چیئرمین سے وکلا کی ملاقات اور دیگر متعلقہ امور پربھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جیل سے خصوصی ہدایات کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف یومِ آزادی بھرپور انداز میں منائے گی۔پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف پاکستان اور دنیا بھر میں یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات منعقد کرے گی ۔مزید برآں، پی ٹی آئی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی منظوری سے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ قانونی اور سیاسی طور پر انتخابات میں تاخیری حربوں کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد انتخابات کے بہرصورت 90 روزہ آئینی مدت ہی میں انعقاد پر اصرار ۔شرکا نے فیصلہ کیا کہ وہ بنیادی حقوق اور شخصی آزادیوں کے تحفظ کے لیے آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں کی گئی ترامیم کوبھی سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔پی ٹی آئی کور کمیٹی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف فسطائی سرکار کی جانب سے قوانین کو خونخوار بنانے کے سلسلے کی راہ روکیں اور حقوق و شخصی آزادیوں کا ہر حال میں تحفظ کریں گے۔شرکا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے انتخابی نشان بلے سے محروم کرنے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی اور اسے قانونی اور سیاسی محاذوں پر چیلنج کیا جائے گا، کیونکہ بلے کا انتخابی نشان پاکستان تحریک انصاف کا حق ہے۔