سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل کو نمبر الاٹ کردیا

توشہ خانہ کیس،چیئرمین پی ٹی آئی کی سزاکیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل پر اعتراض عائد

الیکشن ایکٹ میں اپیل کے ساتھ سزا معطلی دائر کرنے کا تصور نہیں، ہائیکورٹ ڈائری برانچ کا اعتراض

اسلام آباد ہائیکورٹ ،چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر اعتراضات ختم، اپیل کو 273 نمبر الاٹ 

اسلام آباد(ویب  نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے توشہ خانہ کیس کیخلاف چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اپیل کو نمبر الاٹ کردیا ۔ رجسٹرار آفس نے توشہ خانہ کیس کے دائرہ اختیار کے خلاف دائر اپیل کو نمبر 922،921 الاٹ کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی جانب سے توشہ خانہ کیس واپس ٹرائل کورٹ کے جج ہمایوں دلاور کو بھیجنے کا فیصلہ چیلنج کیا ہے۔ رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے اپیل اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی لیگل ٹیم نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے اپیل دوبارہ جمع کرادی۔

توشہ خانہ کیس،چیئرمین پی ٹی آئی کی سزاکیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل پر اعتراض عائد

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں ان کی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی تاہم رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل پر اعتراض عائد کردیا ہے۔خواجہ حارث اور بیرسٹرگوہر کی جانب سے دائرکردہ اپیلوں میں استدعا کی گئی ہے کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کافیصلہ خلاف قانون ہے،کالعدم قراردیاجائے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ مرکزی اپیل پر فیصلے تک سزا معطل کر کے چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کاحکم جاری کیا جائے۔دوسری جانب رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل پر اعتراض عائد کردیا ہے، اعتراض ہائیکورٹ ڈائری برانچ نے عائد کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں اپیل کے ساتھ سزا معطلی دائر کرنے کا تصور نہیں۔واضح رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے 5 اگست کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس کا فیصلہ سنایا تھا۔اس فیصلے میں پی ٹی آئی چیئرمین کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے بدعنوانی کا مرتکب قراردیا گیا تھا۔جرمانے کی عدم ادائیگی پر چیئرمین پی ٹی آئی کو مزید 6 ماہ کی قید بھگتنی ہوگی۔فیصلے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو اسی شام مان پارک لاہوروالی رہائشگاہ سے گرفتار کرکے بذریعہ موٹروے اسلام آباد لایا گیا تھا جہاں طبی معائنے کے بعد انہیں اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ ،چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر اعتراضات ختم

 اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کردئیے۔چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرنے پر اپیل کو 273 نمبر الاٹ کر دیا گیا ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے کیس کی سماعت کی جس دوران پٹیشنر کے وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کے سامنے پیش ہوکر چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے پاور آف اٹارنی پیش کیا اور کہا کہ جیلوں کے حوالے سے رولز دستیاب ہیں۔ چیف جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ جو بھی قانون قاعدہ ہو بتا دیجیے گا، اس کے مطابق آرڈر کردیں گے، ایک چیز ذہن میں رکھیں، جیلوں کے رولزمیں جوسہولت ہے وہی آرڈر کریں گے، جو وکلا ملنا چاہتے ہیں بتادیں، اس لحاظ سے آرڈر کردیں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست نمبر لگنے کے بعد آج (بدھ کو) دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ۔اس درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی استدعا کی گئی ہے۔