اسلام آباد(صباح نیوز)
معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ آئندہ 3سے چار ہفتے ہمارے لئے انتہائی مشکل ہوسکتے ہیں ۔ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا انتہائی ناگزیر ہوچکا ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں پاکستان میں سب سے زیادہ 17 اموات ہوئیں ۔پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے 9749 مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 209 افراد جاں بحق جبکہ 2156 مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہاکہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کادورہ کیا انہیں کورونا سے متعلقہ صورتحال اور قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں پرعملدرآمد پر بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف کو ٹیسٹنگ، مریضوں کی نشاندہی اور قرنطینہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے محدود وسائل میں کورونا سے نمٹنے کیلئے کوششوں کی تعریف کی اور کہاکہ پاک فوج دیگر اداروں کے ساتھ مل کر تمام ممکنہ اقدامات کرے گی ۔ ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہاکہ بلاشبہ اس قومی کاوش میں پاک آرمی کا بہت بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ٹیسٹنگ کے عمل کو بڑھانے جارہے ہیں۔ رواں ماہ کے آخر تک 20ہزار یومیہ ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل کرلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے فیصلے کے نتیجہ میں پاکستان کے تمام ہیلتھ منسٹرز کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی میرے ذمہ ہے۔ چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وزیر صحت اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ تمام وزراء صحت سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ساتھ مزید ایک ٹیکنیکل ایکسپرٹ کو بھی نامزد کریں یہ کمیٹی صحت کے معاملات کو دیکھے گی ۔ یہ کمیٹی مربوط طورپر کام کرے گی ۔ ایکسپرٹ کمیٹی بھی بنائی گئی ہے یہ کمیٹی ملکی سطح پر ٹیکنیکل معاملات پر اتفاق رائے قائم کرے گی تاکہ تمام صوبے اور وفاق ٹیکنیکل معاملات میں ایک پیج پر ہوں ۔ معاون خصوصی صحت نے کہاکہ عالمی سطح پر کورونا وائرس کے 26 لاکھ کے قریب تصدیق شدہ کیسز ہیں اور پونے دو لاکھ سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ 7 لاکھ سے زائد لوگ مکمل طورپر صحت یاب ہوچکے ہیں جو 27 فیصد بنتے ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران پاکستان میں 533 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں اس وقت کورونا کے پاکستان میں کل 9749 مریض ہیں پچھلے 24 گھنٹے میں سندھ 289، پنجاب 133، کے پی کے میں 69، اسلام آباد میں 9، گلگت بلتستان میں 2، بلوچستان میں 3اور آزاد کشمیر میں ایک مریض کا اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں مقامی سطح پر لگنے والی بیماری کی شرح 66 فیصد ہے۔ پاکستان میں 2156 مریض مکمل طورپر صحت یاب ہوچکے ہیں جو 22.1 فیصد ہیں۔ پاکستان میں اب تک 209 اموات ہوچکی ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹے میں 27 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔ پہلے کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔ پاکستان میں شرح اموات 2.1فیصد ہے۔ اگر اس کا عالمی سطح پر تقابل کیا جائے تو 6.9 فیصد ہے انہوں نے کہاکہ اس وباء سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس سے قبل این آئی ایچ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی صحت نے کہاکہ گزشتہ 24 گھنٹے میں پاکستان میں سب سے زیادہ 17 اموات ہوئیں ۔ آئندہ 3 سے 4 ہفتے پاکستان کیلئے مشکل ہیں ۔ ہم سب کو زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔ کورونا کی وباء سے بچنے کیلئے آگاہی نہایت ضروری ہے بے احتیاطی بیماری کے پھیلائو کی بڑی وجہ ہے۔ اگر ہر شخص احتیاطی تدابیر میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تو بیماری کے پھیلائو کو کم کیا جاسکتا ہے۔ کورونا کی گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے۔