مستونگ ، گاڑی کے قریب دھماکہ،حافظ حمد اللہ سمیت 11افراد زخمی
زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتا ل منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں کوئٹہ منتقل کیا گیا،ایک کی حالت تشویشناک
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا
حافظ حمد اللہ دھماکے کے نتیجے میں معمولی زخمی ہوئے، کوئی تشویش کی بات نہیں،ترجمان جے یو آئی
سابق صدر آصف زرداری ،سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف ،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان ،نگران وزیرداخلہ بلوچستان ودیگر کی جانب سے واقعہ کی مذمت
نگرا ن وزیرِ داخلہ بلوچستان محمد زبیر جمالی نے حافظ حمد اللہ پر حملے کے حوالے سے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی
مستونگ (ویب نیوز)
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ سمیت 11افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکہ حافظ حمد اللہ کی گاڑی کے قریب ہوا جس میں وہ زخمی ہوئے، حافظ حمد اللہ اور دیگر زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے غوث بخش رئیسانی ہسپتا ل منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا،ایک کی حالت تشویشناک ہے ۔ جے یو آئی ف کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ حافظ حمد اللہ دھماکے کے نتیجے میں معمولی زخمی ہوئے ، کوئی تشویش کی بات نہیں ۔ اسلم غوری نے کہا کہ حافظ حمداللہ کے ساتھ ان کے دو ساتھی بھی زخمی ہوئے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر مستونگ عبدالرزاق ساسولی نے کہا کہ دھماکے میں جے یو ف کے رہنما حافظ حمداللہ سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ، حافظ حمد اللہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ڈپٹی کمشنر مستونگ نے بتایا کہ تمام زخمی افراد کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ۔سینیٹر حافظ حمداللہ منگوچر میں جمعیت علمائے اسلام کے جلسے میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ راستے میں دھماکا ہوا۔ سینیٹر غفور حیدری نے دھماکے کے بعد جلسہ ملتوی کر دیا۔ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مستونگ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ سمیت تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، نگران وزیرِ اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی اور نگران وزیرِ داخلہ بلوچستان محمد زبیر جمالی نے مستونگ میں ہوئے دھماکے کی مذمت کی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دھماکے میں حافظ حمداللہ اور ساتھیوں کے زخمی ہونے پر تشویش ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو شکست دینے کے لیے قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔نگران وزیرِ اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے کہا کہ مستونگ واقعہ افسوس ناک ہے، دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، بحالی امن کے لیے اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔نگرا ن وزیرِ داخلہ بلوچستان محمد زبیر جمالی نے حافظ حمد اللہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی.