آواران،دہشتگردوں کیساتھ جھڑپ، 2 جوان شہید، 2 دہشتگرد ہلاک
شہید ہونیوالوں میں نائب صوبیدار آصف عرفان اور سپاہی عرفان علی شامل ہیں ،آئی ایس پی آر
کوئٹہ (ویب نیوز)
بلوچستان کے ضلع آواران میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید جھڑپ کے دوران 2 جوان شہید اور 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے ضلع آواران میں دہشتگردوں کے موجود ہونے کی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا تو سکیورٹی فورسز کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا اس دوران 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 زخمی ہوئے، گولیاں لگنے سے 2 جوانوں نائب صوبیدار آصف عرفان اور سپاہی عرفان علی بہادری نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جا ری ہے اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔