انسانی اعضاء عطیہ کرنے والے کی رجسٹریشن کیلئے نادرا سے جلد ایک ایم او یو سائن کیا جائے گا
اپنے اعضاء عطیہ کرنے والے شخص کا قومی شناختی کارڈ میں اندراج کیا جائے گا۔پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم
انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کرنے والے ملزمان کے خلاف ایکشن کے اخراجات کیلئے گرانٹ منظور
لاہور ( ویب نیوز)
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی مانیٹرنگ اتھارٹی کا 27 واں اجلاس منعقدہواجس میں ایڈیشنل سیکرٹری فنانس شاہدہ فرخ، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور، ڈین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فیصل سعود ڈار و دیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور نے نگران صوبائی وزیر صحت کو منظوری کیلئے ایجنڈا کے مندرجات پیش کئے۔اجلاس میں اپنے اعضاء عطیہ کرکے تین انسانی زندگیوں کو بچانے والی مرحومہ رفعت کے بھائی ڈاکٹر فہد عباس نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران مرحومہ رفعت کو تین انسانی زندگیوں کو بچانے کیلئے خراج تحسین پیش کیا گیا اور بلند درجات کیلئے دعا مغفرت بھی کی گئی۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ انسانی اعضاء عطیہ کرنے والے کی رجسٹریشن کیلئے نادرا سے جلد ایک ایم او یو سائن کیا جائے گا۔ اپنے اعضاء عطیہ کرنے والے شخص کا قومی شناختی کارڈ میں اندراج کیا جائے گا۔پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ برین ڈیتھ ڈیکلیریشن کے بعد عطیہ کرنے والے شخص کے اعضاء نکالے جاتے ہیں۔ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کیلئے ٹرانسپلانٹیشن کے اخراجات کی مد میں گرانٹ کی منظوری کیلئے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھیجی جائے گی۔ اجلاس کے دوران پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کو انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کرنے والے ملزمان کے خلاف ایکشن کے اخراجات کیلئے گرانٹ کی منظوری دے دی گئی ہے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ تین انسانی زندگیوں کو بچانے والی خاتون رفعت کے سول ایوارڈ کیلئے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائی جائے گی۔ اجلاس کے دوران پی ہوٹا کو الیکشن کمیشن سے منظوری سے مشروط شارٹ ٹرم کنٹریکٹ پر ملازمین کی بھرتی کی اجازت دے دی گئی اور پی ہوٹا کے ڈیپارٹمنٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن کو مختلف سرکاری و نجی ہسپتالوں کی رجسٹریشن کرنے کیلئے منظوری دی گئی ہے۔ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کو مانیٹرنگ اتھارٹی کے اجلاس طلب کرنے کیلئے سالانہ کیلنڈر جاری کرنے کی ہدایت کی گئی اور پی ہوٹا کی مانیٹرنگ اتھارٹی کے 26 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران انسانی اعضاء عطیہ کرنے کے حوالے سے ایس او پیز کو بھی منظور کر لیا گیا ہے