چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا غیرشرعی نکاح کیس، نکاح خواں مفتی سعید ،عون چوہدری نے بیان قلمبند کرا دیا
بیان دینے سے پہلے حلف لینا پڑے گا،سول جج قدرت اللہ ،مفتی سعید نے بیان ریکارڈ کرانے سے قبل حلف اٹھایا
چیئرمین پی ٹی آئی سے اچھے تعلقات تھے، یکم جنوری 2018 کو چیئرمین پی ٹی آئی نے مجھ سے رابطہ کیا
آپ کتنے نکاح پڑھا چکے ہیں؟،جج قدرت اللہ… بے شمار نکاح پڑھائے، دوستوں کے نکاح پڑھا دیتا ہوں،مفتی سعید
اگر رضوان عباسی دوسری شادی کریں تو نکاح پڑھائیں گے؟ ،جج قدرت اللہ ،جج کے جملے پر قہقہے لگ گئے
میرے سامنے مفتی سعید نے بشریٰ بی بی سے پوچھا توبشریٰ نے بتایا مجھے طلاق ہوچکی، شرعی لوازمات پورے ہیں لہذا نکاح پڑھا دیا جائے،عون چوہدری
عدالت نے آئندہ سماعت پرکیس کے تیسرے گواہ محمد لطیف کو طلب کر لیا، سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کردی
اسلام آباد (ویب نیوز)
چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کے کیس میں نکاح خواں مفتی سعید اور عون چوہدری نے اپنا،اپنا بیان قلمبند کرا دیا۔ منگل کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت ہوئی۔سول جج قدرت اللہ نے سوال کیا کہ اردو میں بیان قلمبند کروائیں گے؟۔مفتی سعید نے کہا کہ میں اردو میں ہی اپنا بیان عدالت میں ریکارڈ کرائوں گا، میری عمر 62 سال ہے، چھترپارک میں ندوت العلما میں پڑھاتا ہوں۔سول جج قدرت اللہ نے کہا کہ بیان دینے سے پہلے حلف لینا پڑے گا۔مفتی سعید نے بیان ریکارڈ کرانے سے قبل حلف اٹھایا۔عدالت میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے مفتی سعید نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے اچھے تعلقات تھے، پی ٹی آئی کور کمیٹی کا ممبر بھی تھا، یکم جنوری 2018 کو چیئرمین پی ٹی آئی نے مجھ سے رابطہ کیا، انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے لاہور جا کر نکاح پڑھوانا ہے۔سول جج قدرت اللہ نے مفتی سعید سے سوال کیا کہ آپ صفحے کو دیکھ کر پڑھ رہے ہیں؟ لکھا ہوا پڑھنا جھوٹ ہوتا ہے، صفحہ ہٹا دیں اور زبانی بیان ریکارڈ کروائیں۔مفتی سعید نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے کہنے پر میں ڈیفنس لاہور گیا، لاہور میں بہت لوگ تھے، بشریٰ بی بی کی بہنیں بھی تھیں، بشریٰ بی بی کی بہن سے پوچھا کہ کیا نکاح کے شرعی لوازمات پورے ہیں؟ خود کو بشریٰ بی بی کی بہن ظاہر کرنے والی خاتون نے کہا کہ نکاح پڑھایا جاسکتا ہے۔سول جج قدرت اللہ نے مفتی سعید سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ کتنے نکاح پڑھا چکے ہیں؟۔مفتی سعید نے جواب دیا کہ بے شمار نکاح پڑھائے، دوستوں کے نکاح پڑھا دیتا ہوں۔جج قدرت اللہ نے کہا کہ اگر رضوان عباسی دوسری شادی کریں تو نکاح پڑھائیں گے؟ جج کے جملے پر قہقہے لگ گئے۔جج نے سوال کیا کہ عدت کے حوالے سے آپ نے بشریٰ بی بی سے خود کیوں نہیں پوچھا؟۔مفتی سعید نے جواب دیا کہ ہمارے ہاں خاتون سے ایسا کچھ پوچھا نہیں جاتا، بشریٰ بی بی،چیئرمین پی ٹی آئی کا نکاح میں نے پڑھا دیا تھا، نکاح پڑھانے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی اسلام آباد بنی گالا میں رہائش پذیر ہو گئے، فروری 2018 میں مجھ سے چیئرمین پی ٹی آئی نے دوبارہ رابطہ کیا، مجھے بتایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کا نکاح دوران عدت ہوا۔سول جج قدرت اللہ نے سوال کیا کہ کس نے رابطہ کیا دوبارہ نکاح پڑھانے کے حوالے سے؟،مفتی سعید نے بتایا کہ مجھے یاد نہیں کہ مجھ سے کس نے نکاح کے حوالے سے دوبارہ رابطہ کیا تھا۔اس دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے سابق قریبی دوست عون چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے سامنے مفتی سعید نے بشریٰ بی بی سے پوچھا توبشریٰ نے بتایا مجھے طلاق ہوچکی، شرعی لوازمات پورے ہیں لہذا نکاح پڑھا دیا جائے۔عون چوہدری کے مطابق میڈیا پر آگیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی بشری بی بی سے شادی ہوچکی، میڈیا پرمعلوم ہوا کہ دوران عدت نکاح ہوا تو ہم نے خاموشی اختیارکی، عمران اور بشری بی بی کا فروری میں دوبارہ نکاح پڑھایا گیا، میڈیا پرشورمچا کہ دوران عدت نکاح ہوا، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ خاموش رہیں، عدت پوری ہونے پردوبارہ نکاح کرلیں گے۔عون چوہدری نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی نے مجھے بتایا کہ عدت14 سے18 فروری کے درمیان پوری ہورہی تھی، پھر دوسرا نکاح بنی گالا میں فروری 2018 میں پڑھایا گیا، اس وقت میں موجود تھا، ان کے نکاح کی ریکارڈنگ بھی موجود ہے، میں اور زلفی بخاری دونوں دوسرے نکاح کے گواہ تھے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بشری بی بی سے شادی کرنا چاہتے تھے، انہوں نے مجھے کہا کہ بشریٰ سے نکاح ہوا تو وزیراعظم بن جائوں گا، پہلا نکاح دوران عدت جان بوجھ کر کیا، ان کا پہلا نکاح پیشگوئی کے زیر اثرتھا، پہلا نکاح غیرشرعی، غیرقانونی اور فراڈ پرمبنی تھا۔بعد ازاں عدالت نے مفتی سعید اور عون چوہدری کا بیان ریکارڈ کرانے کے بعد سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پرکیس کے تیسرے گواہ محمد لطیف کو طلب کرلیا۔