پاکستان القدس شریف کے بطور دارالحکومت فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے،ترجمان دفتر خارجہ
مقبوضہ کشمیر پربھارت کی نئی قانون سازی کو مسترد کر تے ہیں، جموں کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے
افغان وزیر کے پاکستانی پاسپورٹ استعمال کرنے پر تحقیق کے بعد جواب دیں گے
دہشت گردی پر امریکی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، امریکی رپورٹ زمینی حقائق کے منافی ہے
عافیہ صدیقی سے متعلق بیانات سنجیدہ نوعیت کے ہیں، وزیراعظم نے معاملہ امریکی محکمہ خارجہ سے اٹھا نے کی ہدایت کی ہے
رواں ہفتے اعلی امریکی عہدیدار پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، یہ دورے پاک امریکا تعلقات کی کثیرالجہتوں سے متعلق ہیں
چمن بارڈر پر بندش ہے ارو طورخم بارڈر کھول دیا گیا ہے، پاک افغان بارڈر آمد و رفت صرف ویزا کے ذریعے ہوگی
شہزاد اکبر پر برطانیہ میں مبینہ تشدد میں حکومتی اداروں کا کوئی کردار نہیں، برطانوی حکومت کی معلومات کا خیر مقدم کریں گے
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ
اسلام آباد( ویب نیوز)
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا حل دو ریاستوں پر مشتمل ہے اورپاکستان القدس شریف بطور دارالحکومت 1967 سے پیشگی سرحدوں پر فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے،مقبوضہ کشمیر پربھارت کی نئی قانون سازی کو پاکستان مسترد کرتا ہے، جموں کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے،وزیراعظم نے عافیہ کا معاملہ امریکی محکمہ خارجہ کیساتھ اٹھانے کی ہدایت کی ہے،افغان وزیر کے پاکستانی پاسپورٹ استعمال کرنے پر تحقیق کے بعد جواب دیں گے۔ ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا غزہ میں صورتحال تیزی سے خراب ہو رہی ہے، غزہ میں کوئی بھی جگہ عوام کے لیے محفوظ نہیں ہے، پاکستان غزہ میں مسلسل اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں شہریوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، یو این سیکرٹری جنرل کی اس صورتحال کو ختم کرنیکی آوازکے ساتھ ہیں، ہم اسرائیل کے پشت پناہوں کو بھی کہتے ہیں کہ اسرائیل کو تشدد روکنے اور قیام امن کے لیے راضی کریں۔ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا ہم القدس الشریف بطور دارالحکومت 1967 سے پیشگی سرحدوں پر فلسطینی ریاست کے قیام کے حامی ہیں، فلسطین کا حل دو ریاستوں پر مشتمل ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امیت شاہ کے بیان کو مسترد کرتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ تاریخ کو رد نہیں کیا جا سکتا،جموں و کشمیر بین الاقوامی تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، پاکستان نے کبھی مقبوضہ کشمیر پربھارتی قبضہ تسلیم نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ و غیر قانونی اقدامات سے کشمیرکا ڈھانچہ تبدیل کرنے کی کوشش کی، یہ اقدامات انسانی قوانین اور جینوا کنونشنزکی سرعام خلاف ورزی ہیں، مسئلہ کشمیرکے پرامن،کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل تک کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ افغان وزیر داخلہ سمیت بڑی تعداد میں افغان شہریوں کی جانب سے پاکستانی پاسپورٹ کے استعمال سے متعلق سوال پر ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا افغان وزیرکے پاکستانی پاسپورٹ کے استعمال پر رپورٹ دیکھی ہے، اس معاملے پر حقائق کے بعد جواب دیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا ہمیں امریکی حکام سے افغان شہریوں کی امریکا منتقلی سے متعلق اپ ڈیٹ لسٹ ملی ہے، انٹیلی جنس سے متعلقہ معلومات انٹیلی جنس چینلزکے ذریعے ہی دی جاتی ہیں،دہشت گردی پر امریکی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، امریکی رپورٹ زمینی حقائق کے منافی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان اور امریکی حکام کی ملاقاتوں میں دونوں اطراف کے تحفظات پربات کی گئی، ہم بھی ان امور پربات کریں گے جن پر ہمیں اعتراضات ہیں۔امریکا کی بدنام زمانہ جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا عافیہ صدیقی سے متعلق بیانات سنجیدہ نوعیت کے ہیں، وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ معاملہ امریکی محکمہ خارجہ سے اٹھاکر تحقیقات کرائی جائیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی خیریت ہماری اولین ترجیح ہے۔ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا پاکستان نے امریکاکے ساتھ بات چیت کا عزم کر رکھا ہے اور رواں ہفتے اعلی امریکی عہدیدار پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، یہ دورے پاک امریکا تعلقات کی کثیرالجہتوں سے متعلق ہیں، ان دوروں کا محور صرف افغانستان نہیں ہے۔ترجمان نے بتایا کہ چمن بارڈر پر بندش ہے ارو طورخم بارڈر کھول دیا گیا ہے، پاک افغان بارڈر آمد و رفت صرف ویزا کے ذریعے ہوگی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سابق معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر پر برطانیہ میں مبینہ تشدد میں حکومتی اداروں کا کوئی کردار نہیں، برطانوی حکومت کی معلومات کا خیر مقدم کریں گے۔