سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری

کیس کو باقاعدہ سننے سے پہلے دائر اختیار کا فیصلہ کیا جائے گا،عدالت کے ریمارکس

  الیکشن کمیشن کے وکیل چھٹی پر ہیں،ایسوسی ایٹ وکیل…

الیکشن کمیشن کے وکیل کی عدم موجودگی میں کیس سننا مناسب نہیں ہو گا،عدالت

لاہور (ویب  نیوز)

لاہورہائی کورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں نا اہلی کے خلاف درخواست کی سماعت کی، جس میں  سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے سماعت کے آغاز پر ریمارکس دیئے کہ اس کیس کو باقاعدہ سننے سے پہلے دائر اختیار کا فیصلہ کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پر ایسوسی ایٹ وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل چھٹی پر ہیں۔ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل کی عدم موجودگی میں کیس سننا مناسب نہیں ہو گا۔وکیل بیرسٹر علی ظفر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لئے  8 فروری کی تاریخ دے رکھی ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ہم نااہلی کیس میں فریقین کو نوٹس کر کے سن لیتے ہیں۔جسٹس شمس محمود مرزا نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے کلائنٹ میانوالی سے منتخب ہوئے تھے۔ اسلام ہائی کورٹ یہ کیسے سن سکتی ہے، یہ بھی آپ عدالت کو بتائیں گے۔بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نا اہلی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے ۔ عدالت نے تحریک انصاف کے دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف بھی فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ۔