مغربی کنار ے میں اسرائیل کا ڈرون حملہ، 6 فلسطینی شہید، غزہ میں مزید 3اسرائیلی فوجی ہلاک، 9زخمی
حماس کی ایک بار پھر اسرائیل کو یرغمالیوں کی رہائی کی مشروط پیشکش
طولکوم میں اسرائیلی فوج کا بڑا آپریشن جاری ،غزہ میں زمینی آپریشن کرنے والی صیہونی فوجیوں پرفلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے، گاڑیاں تباہ
اسرائیل نے اپنے 3 فوجی ہلاک اور 9 کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی،اسرائیلی آرمی چیف کا جنگ مہینوں جاری رکھنے کا عندیہ
القسام بریگیڈز کے غزہ میں اسرائیلی فوج پر تابڑ توڑ حملے ، چار دنوں کے دوران 24 جنگی کارروائیوں میں 48 اسرائیلی فوجیوں ہلاک، درجنوں زخمی
القسام نے اسرائیلی فوج کی 35 گاڑیوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کیا اور تل ابیب پر بھی میزائل داغے گئے، ترجمان القسام بریگیڈز ابو عبیدہ
غزہ/رملہ( ویب نیوز)
مغربی کنارے میں اسرائیل کے ڈرون حملے میں 6 فلسطینی شہید ہو گئے، طولکوم میں اسرائیلی فوج کا بڑا آپریشن جاری ہے۔ غزہ میں زمینی آپریشن کرنے والی اسرائیلی فوج پر فلسطینی مزاحمتی گروپس نے حملے کیے ہیں۔ فلسطینی مزاحمت کاروں نے بھی جوابی وار کیے، متعدد اسرائیلی فوجی گاڑیاں تباہ کیں۔ اسرائیلی ٹینکوں پر راکٹوں سے حملے کیے گئے، آئی ای ڈیز سے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل نے اپنے 3 فوجی ہلاک اور 9 کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی۔ اسرائیلی آرمی چیف کا جنگ مہینوں جاری رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہنا ہے کہ غزہ میں سیف زون میں بھی کارروائیاں کرتے رہیں گے۔ادھر حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی فوج پر تابڑ توڑ حملے جاری ہیں، چار دنوں کے دوران 24 جنگی کارروائیوں میں 48 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک، درجنوں کو زخمی اور 35 فوجی گاڑیوں کو تباہ کرنے کا دعوی کیا گیا ہے۔القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز کو میزائلوں اور اینٹی پرسنل آلات سے نشانہ بنایا اور صفر فاصلے سے ان کے ساتھ جھڑپیں کیں، القسام نے اسرائیلی فوج کی 35 گاڑیوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کیا اور تل ابیب پر بھی میزائل داغے گئے۔
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایک بار پھر اسرائیل کو یرغمالیوں کی رہائی کی مشروط پیشکش کر دی، جبکہ حماس کی پیشکش کے جواب میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ حماس ایک دہشتگرد جماعت ہے جس کے خاتمے تک غزہ میں جنگ جاری رہے گی ۔حماس کے ترجمان اسامہ حمدان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ اسرائیل اگر مزید یرغمالیوں کی رہائی چاہتا ہے توغزہ پر حملے بند کرے، نئے معاہدے میں قیدیوں کے تبادلے سے متعلق حالات ساز گار ہونے چاہئیں، غزہ پر حملے بند نہ کیے گئے تو کوئی اسرائیلی یرغمالی رہا نہیں ہو گا۔دوسری جانب حماس کی پیشکش کے جواب میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ حماس ایک دہشتگرد جماعت ہے جس کے خاتمے تک غزہ میں جنگ جاری رہے گی، اسرائیل اپنے بنیادی اہداف حاصل کیے بغیر جنگ بند نہیں کرے گا، فلسطینیوں کو غزہ چھوڑنا ہو گا۔