کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کاسپریم کورٹ فوری نوٹس لے ۔ترجمان پی ٹی آئی
اسلام آباد ( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا ہے کہ پارٹی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے سپریم کورٹ سے اس تمام صورتحال کا فوری نوٹس لے ۔اپنے ایک بیان میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے الزام عائد کیا ہے کہ انتخابات میں مداخلت ہورہی ہے ۔ ملک میں انتخابات کے انعقاد کے پہلے مرحلے میں ہی صاف شفاف انتخابات کا جنازہ نکال دیا گیا ہے ۔ یہ منظر پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر مجبوراً انتخابات کی تاریخ مقرر کی گئی اور ا الیکشن کمیشن سو رہا ہے ۔اختیارات کے ناجائز استعمال اور پیشگی دھاندلی کا کوئی ایسا حربہ باقی نہیں جسے اب تک تحریک انصاف کے خلاف استعمال نہیں کیا گیا ،سہولت کار انتظامی افسران بطور ریٹرننگ افسران تحریک انصاف کے امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی پر بے بنیاد اعتراضات اٹھانے اور انہیں مسترد کرنے میں مصروف ہیں ۔ان تمام ہتھکنڈوں کے باوجود تحریک انصاف میدان سے بالکل پسپا نہیں ہوگی۔عدالت عظمی سے مطالبہ ہے کہ دستور اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے صورتحال کا ہنگامی نوٹس لے ۔ عوام کو حقِ رائے دہی کے بنیادی آئینی حق سے محروم کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ آزادانہ، منصفانہ اور صاف شفاف انتخابات کے علاوہ پاکستان کو بحرانوں سے آزاد کرنے کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ۔غیر قانونی قدم نہ روکے گئے تو خود کو محفوظ تصور کرنے والا کوئی ایوان، بدمعاشوں کی ماورائے آئین و قانون دست درازی سے محفوظ نہیں رہے گا۔