لاہور ہائیکورٹ ،حسان نیازی کے کاغذات نامزدگی پر دستخط سے متعلق درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

کیا حسان نیازی کو سزا ہوچکی ہے ؟، کن شرائط اور کس قانون کے تحت نااہلی ہوسکتی ہے؟ جسٹس علی باقر نجفی

 ملزم کا ٹرائل چل رہا ہے ابھی وہ نااہل نہیں ہوئے ، اس قانونی نقطے کی تشریح ضروری ہے، وکیل درخواست گزار

عدالت نے وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا، سماعت آج (جمعہ )تک ملتوی کردی

حسان نیازی کی والدہ کی جانب سے دائر درخواست میں درخواست میں وفاقی اور پنجاب حکومت اور کمانڈنگ آفیسر کو فریق بنایا گیا ہے

لاہور(  ویب  نیوز)

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حسان نیازی کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کی اجازت کے لئے دائر کی جانے والی درخواست پر وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کی جانب سے عام انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد ان کی والدہ نے کاغذات نامزدگی پر دستخط کی اجازت کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں وفاقی اور پنجاب حکومت اور کمانڈنگ آفیسر کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا ہے، حسان نیازی نہ ہی نااہل ہیں اور نا ہی سزا یافتہ ہیں ۔درخواست میں استدعا کی گئی ہائیکورٹ حسان نیازی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا پراسیس مکمل کرنے اور اوتھ کمشنر کو حسان نیازی سے ملاقات کر کے کاغذات نامزدگی کی تصدیق اور دستخط کی اجازت دے۔جمعرات کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے درخواست پر سماعت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا ہے۔دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا حسان نیازی کو سزا ہوچکی ہے ؟، جس پر وکیل درخواستگزار نے بتایا کہ ملزم کا ٹرائل چل رہا ہے ابھی وہ نااہل نہیں ہوئے ۔عدالت نے استفسار کیا کہ کن شرائط اور کس قانون کے تحت نااہلی ہوسکتی ہے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ اس قانونی نقطے کی تشریح ضروری ہے۔بعدازاں عدالت نے وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور سماعت آج (جمعہ )تک ملتوی کردی۔